0
Friday 13 May 2016 09:30

حزب اللہ کے عسکری ونگ کے سربراہ شام میں صیہونی جنگی طیاروں کے میزائل حملے میں شہید

حزب اللہ کے عسکری ونگ کے سربراہ شام میں صیہونی جنگی طیاروں کے میزائل حملے  میں شہید
اسلام ٹائمز۔ حزب اللہ لبنان کے عسکری ونگ کے سربراہ سید مصطفٰی بدرالدین جو سید ذوالفقار کے لقب سے جانے جاتے تھے، آج صبح دمشق کے فوجی ایئر پورٹ کے قریب صہیونی حکومت کے جنگی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں شہید ہوگئے ہیں۔ اسلامی جمہوری ایران کے خبر رساں ادارے فارس نیوز نے "المیادین" کے حوالے سے خبر دی ہے کہ آج صبح دمشق کے فوجی ایئر پورٹ کے قریب صہیونی حکومت کے جنگی طیاروں نے ان کے ٹھکانے کو اپنے میزائل حملوں کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں سید مصطفٰی بدرالدین اور ان کے چند دیگر ساتھی شہید ہوگئے۔ حزب اللہ لبنان نے بھی اپنے ایک بیانیہ میں شام میں اپنے اس کمانڈر کی شہادت کی تائید کی ہے، اور اس سانحہ پر تعزیت پیش کی ہے۔ شہید مصطفٰی بدرالدین حزب اللہ کے عسکری ونگ کے عظیم سابق کمانڈر حاج عماد مغنیہ کے سالے اور ان کے جانشین تھے۔ انہوں نے 1982ء میں کویتی جیل سے رہائی کے بعد اپنی جہادی اور مبارزاتی سرگرمیوں کا آغاز کیا تھا۔

صیہونی حکومت، امریکہ اور برطانیہ کی خفیہ ایجنسیاں ہمیشہ ان کی تلاش میں رہتی تھیں۔ حزب اللہ کے اس کمانڈر پر کئی بار قاتلانہ حملے بھی ہوئے، لیکن وہ ان سے بچ نکلنے میں کامیاب رہے۔ صہیونی حکومت، امریکہ اور برطانیہ کی خفیہ ایجنسیوں کو اس بات کا یقین تھا کہ لبنان اور شام میں ان کے جاسوسی کے نیٹ ورک کی شناسائی اور ان کے مہروں کی گرفتاری کے عظیم آپریشن میں سید مصطفٰی بدرالدین کا ہاتھ ہے۔ لبنان کے سابق وزیراعظم رفیق الحریری کے قتل کے بعد صہیونی حکومت، امریکہ اور برطانیہ کی خفیہ ایجنسیوں نے اس قتل کا الزام ان پر لگایا، تاکہ انہیں دہشتگرد قرار دے کر دنیا کے کسی بھی حصے میں گرفتار کیا جاسکے۔ حزب اللہ کے عسکری ونگ کے معروف سابق کماںڈر عماد مغنیہ کی شہادت کے بعد اس ونگ کی سربراہی اور ہدایت سید مصطفٰی بدرالدین کو سونپی گئی۔ شام میں جاری موجودہ بحران اور تکفیری دہشتگردوں کے ساتھ مقابلے کو شہید مصطفٰی بدرالدین کو اپنا فرض سمجھتے تھے۔ انہوں نے گذشتہ سال لبنان کے ایک فعال میڈیا پرسن کو کہا تھا کہ شام، لبنان یا دیگر ممالک میں ہونے والی سازشوں کا مقابلہ کرنا میرا فرض ہے، میں پرچم فتح کو سربلند کرنے یا شہادت تک اپنے اس مشن کو جاری رکھوں گا۔

دیگر ذرائع کے مطابق شام پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے میں حزب اللہ کے ایک فداکار اور شجاع رکن شہید ہوگئے۔ لبنان کے المیادین ٹی وی نے جمعے کے روز اعلان کیا ہے کہ شام میں دمشق ایئرپورٹ کے قریب اسرائیل کے وحشیانہ حملے میں حزب اللہ لبنان کے اہم رکن مصطفٰی بدرالدین شہید ہوگئے۔ صیہونی حکومت نے ان کی رہائشگاہ کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا۔ اس سے قبل حزب اللہ کے کئی مجاہدین منجملہ سمیر قنطار، جو شام کے مختلف اور سرحدی علاقوں میں تکفیری دہشت گردوں کا مقابلہ کئے جانے میں شامی فوج اور عوامی رضاکاروں کے ساتھ تعاون کرتے تھے، غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت میں شہید ہوگئے تھے۔ اس سے قبل شام کے صدر بشار اسد نے کہا تھا کہ مغرب و اسرائیل اور علاقے کے بعض ملکوں کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کے مقابلے میں جب بھی شامی فوج اور تحریک مزاحمت کو کامیابی حاصل ہونے لگتی ہے، انھیں جارحیت کا نشانہ بنا دیا جاتا ہے۔ بشار اسد نے کہا کہ اسرائیل کی فضائیہ نے شام میں داعش جیسے دہشت گرد گروہ کی حمایت میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ صیہونی حکام کے اعتراف کے مطابق گذشتہ پانچ برسوں کے دوران شام میں زخمی ہونے والے سیکڑوں کی تعداد میں دہشت گردوں کو علاج و معالجے کے لئے اسرائیل منتقل کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 538278
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش