0
Saturday 12 Feb 2011 16:08
انقلاب اسلامی ایران کی بتیسویں سالگرہ کے موقع پر عظیم انسانی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے:

عالمی سطح پر معرض وجود میں آنے والی انسانی بیداری کی عظیم لہر نے حضرت مہدی عج کے انقلاب کا زمینہ فراہم کر دیا ہے، محمود احمدی نژاد

عالمی سطح پر معرض وجود میں آنے والی انسانی بیداری کی عظیم لہر نے حضرت مہدی عج کے انقلاب کا زمینہ فراہم کر دیا ہے، محمود احمدی نژاد

اسلام ٹائمز- اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے تہران میں جمعہ 11 فروری کو انقلاب اسلامی ایران کی بتیسویں سالگرہ کے موقع پر نکالی گئی عظیم ریلی کے لاکھوں شرکاء سے تقریر کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج عالمی سطح پر انسانی بیداری کی عظیم لہر آ چکی ہے جسکی وجہ سے تمام دنیا کے انسان حضرت امام مہدی عج کی سرکردگی میں عالمی اسلامی حکومت کیلئے دن گن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی عالمی سطح پر امام مہدی عج کے انقلاب کا سرآغاز تھا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ دنیا کی جو قوم بھی توحید اور عدالت کی ترویج کیلئے قیام کرے گی حضرت مہدی عج ضرور اسکی نصرت اور مدد کریں گے۔ صدر محمود احمدی نژاد نے ایران کی روز افزون ترقی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ایران آئندہ دس برس کے اندر اس قابل ہو جائے گا کہ پہلا ایرانی تمام تر ایرانی وسائل اور ٹیکنولوجی کے ذریعے فضا میں بھیج سکے۔ انہوں نے جاری سال میں ایران کی جانب سے چند زندہ حیوانات کو فضا میں بھیجے جانے کے کامیاب تجربے کو سراہا اور اسے ملک کیلئے ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔ 
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے ایٹمی پروگرام کے بارے میں کہا کہ عالمی استکباری طاقتیں جوہری ٹیکنولوجی کے میدان میں ایران کی ترقی اور پیشرفت کو برداشت نہیں کر سکتیں لہذا اسکے راستے میں روڑے اٹکا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خدا کی مدد سے آج ایران جوہری ایندھن پیدا کرنے کی مکمل ٹیکنولوجی کو حاصل کر چکا ہے۔ انہوں نے عالمی استعماری قوتوں کو خبردار کیا کہ وہ کبھی بھی اپنے پست عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گی۔
صدر محمود احمدی نژاد نے ایران میں رونما ہونے والے اسلامی انقلاب کو الہی سوچ پر مبنی مسلسل جدوجہد اور مزاحمت کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران درحقیقت انبیاء الہی کے اہداف اور مقاصد کو جاری رکھے ہوئے ہے اور انکی تکمیل کیلئے کوشاں ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ دنیا پر توحید اور عدالت کی حاکمیت کے بغیر عالمی سطح پر امن کا قیام اور انسان کی حقیقی ترقی ممکن نہیں۔ 
صدر احمدی نژاد نے ایران کے اسلامی انقلاب کو مادی طرز تفکر کا نقطہ مقابل قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج سب جان چکے ہیں کہ دنیا پر توحید اور عدالت کی حکمفرمائی انسان کامل کے بغیر محقق نہیں ہو سکتی اور یہی وجہ ہے کہ ہم سب کو اس انسان کامل کی طرف دعوت دیتے ہوں جو تمام انبیاء کا وارث ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے 22 بہمن (11 فروری) کو دنیا پر خدا کی حکومت کے آغاز کا دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ طاقت کا منبع صرف خدا کی ذات ہے اور تمام کائنات اسی کے اختیار اور کنٹرول میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدکردار انسانوں کی حکومتیں کوئی حیثیت نہیں رکھتی اور بہت جلد ختم ہونے والی ہیں۔

خبر کا کوڈ : 54458
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش