0
Monday 20 Jun 2016 19:14

امریکہ اور بھارت دونوں مسئلہ کشمیر کا حل نہیں چاہتے، میاں مقصود

امریکہ اور بھارت دونوں مسئلہ کشمیر کا حل نہیں چاہتے، میاں مقصود
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں لٹن روڈ پر جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے زیر اہتمام افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ہم اس سے کسی بھی صورت میں دستبردار نہیں ہوں گے، کشمیر پر انڈیا کے غاصبانہ قبضہ کو 68 برس ہونے کو ہیں، کشمیر پر ہمارے موقف میں ذرا برابر بھی لچک نہیں آئی اور انشاءاللہ کشمیر کی آزادی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ اور عالمی دنیا کو کشمیر میں بھارتی مظالم نظر کیوں نہیں آتے؟ ایک لاکھ سے زائد کشمیر یوں کو ناحق شہید کر دیا گیا، 20 ہزار سے زائد خواتین کی بے حرمتی، لاکھوں بچوں کو یتیم اور ہزاروں نوجوانوں کو بھارتی فوج نے عقوبت خانوں میں ڈالا ہوا ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان عالمی دنیا پر بھارت کے گھناﺅنے چہرے کو بے نقاب کرے، کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق نکالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور بھارت دونوں مسئلہ کشمیر کا حل نہیں چاہتے اس لیے جنوبی ایشیا میں پاکستان کیخلاف انڈیا کی ریشہ دوانیاں جاری ہیں، افغانستان کے اندر بھی امریکہ کی سرپرستی میں بھارتی ایجنسی ”را“ پاکستان کیخلاف دہشتگردوں کو تربیت دے کر کراچی، بلوچستان اور فاٹا کے حالات خراب کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو اگر خطے میں بھارت کو بے نقاب کرنا ہے تو اس کیلئے ضروری ہے کہ عالمی برادری کے سامنے انڈیا کا اصل چہرہ لایا جائے۔ انہوں نے آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ جماعت اسلامی آزاد کشمیر میں ہونیوالے انتخابات میں بھرپور انداز میں حصہ لے رہی ہے اور انشاءاللہ آزاد کشمیر میں اچھی شہرت رکھنے والے امیدوار کامیاب ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 547339
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش