0
Thursday 11 Aug 2016 01:35

داعش اوباما کا احترام کرتی ہے، وہ اسکے بانی اور ہیلری کلنٹن شریک بانی ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

داعش اوباما کا احترام کرتی ہے، وہ اسکے بانی اور ہیلری کلنٹن شریک بانی ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ
اسلام ٹائمز۔ امریکہ میں صدارتی انتخاب کا وقت جیسے جیسے قریب آرہا ہے، ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے حریفوں پر الزام تراشیوں کا سلسلہ بھی تیز ہوتا جا رہا ہے۔ ری پبلکن رہنما ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے تازہ ترین بیان میں کہا ہے کہ امریکی صدر براک اوباما اور ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن عراق و شام میں سرگرم شدت پسند تنظیم داعش کے بانی ہیں۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق فلوریڈا میں اپنی انتخابی مہم کے دوران حامیوں کی ایک ریلی سے خطاب میں ٹرمپ نے کہا کہ صدر اوباما نے داعش کی بنیاد رکھی اور ہیلری کلنٹن اس کی شریک بانی ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں صدر اوباما کو ان کے مکمل نام براک حسین اوباما کہہ کر مخاطب کیا اور تین بار اپنے بیان کو دہرایا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ داعش اوباما کا احترام کرتی ہے، وہ داعش کے بانی ہیں اور میں یہ بھی کہوں کا کہ ہیلری کلنٹن اس کی شریک بانی ہیں۔ یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے گذشتہ روز بھی ہیلری کلنٹن پر تنقید کرتے ہوئے ان پر قاتلانہ حملے کا اشارہ دیا تھا اور ان کے اس بیان پر بھی شدید تنقید کی گئی تھی۔

امریکی ٹی وی سی این این کی رپورٹ کے مطابق امریکی سیکرٹ سروس کے ایک عہدے دار نے تصدیق کی ہے کہ ہیلری پر قاتلانہ حملے کے حوالے سے بیان پر ڈونلڈ ٹرمپ کے انتخابی کیمپ سے رابطہ کیا گیا اور ان سے وضاحت طلب کی گئی۔ ٹرمپ کے کیمپ نے سیکرٹ سروس کو بتایا کہ ان کے بیان کا مقصد تشدد پر اکسانا نہیں تھا، دوسری جانب خود ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سیکرٹ سروس نے کسی قسم کا رابطہ نہیں کیا۔ ہیلری کلنٹن نے بھی ٹرمپ کے اس بیان کی شدید مذمت کی اور کہا کہ لوگوں کو تشدد پر اکسا کر ٹرمپ نے تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ہیلری کلنٹن آئین کی دوسری ترمیم کو ختم کرنا چاہتی ہیں، اگر وہ صدر بنیں اور انہیں سپریم کورٹ کے ججز کی تقرری کا موقع ملا تو آپ لوگ کچھ نہیں کرسکیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دوسری ترمیم کے حامی ضرور کچھ کریں گے اور مجھے نہیں معلوم اس روز کیا ہوگا لیکن اتنا ضرور بتا دوں کہ وہ ایک ہولناک دن ہوگا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ڈونلڈ ٹرمپ امریکی شہریوں کے اسلحہ رکھنے کے حق کی حمایت کرتے رہے ہیں، ان کی انتخابی مہم متنازع بیانات سے بھری پڑی ہے۔ انہوں نے مسلمانوں کو امریکہ میں داخل ہونے سے روکنے کی بات کی، میکسیکو کی سرحد پر فصیلوں کی تعمیر کے حوالے سے بیان دیا اور نیٹو ممالک کے خلاف بھی باتیں کرچکے ہیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق ری پبلکن پارٹی کے صدراتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر الزام تراشی کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر باراک حسین اوباما اور ہیلری کلنٹن شدت پسند تنظیم داعش کے بانی ہیں ۔ ہیلری کلنٹن کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کا صدر بننے کا مزاج ہی نہیں ہے، وہ لوگوں کو تشدد پر اکسا رہے ہیں۔ ریاست فلوریڈا کے شہر فورٹ لاڈر ڈیل میں تقریر کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی صدر اوباما پر الزام لگایا ہے کہ ان کی غلط پالیسیوں سے عراق میں داعش کو ابھرنے کا موقع ملا۔ ٹرمپ نے کہا کہ داعش کئی پہلوؤں سے باراک اوباما کا احترام کرتے ہیں۔ وہ داعش کے بانی ہیں جبکہ ہیلری کلنٹن اس کی شریک بانی ہیں۔ ٹرمپ کی تقریر کے دوران شہری احتجاج کرتے رہے جبکہ احتجاج کرنے پر متعدد مظاہرین کو باہر نکال دیا گیا۔ دوسری طرف ہیلری کلنٹن کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کا صدر بننے کا مزاج ہی نہیں ہے۔ بیانات کے حوالے سے ہر حد پار کر رہے ہیں، مسلمان فوجی خاندان کے ساتھ ہتک آمیز رویہ اور بندوق کے حوالے سے بیان ٹرمپ شہریوں کو تشدد پر اکسا رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 559788
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش