0
Wednesday 21 Sep 2016 12:23

راجہ فاروق کی چوہدری نثار سے ملاقات

راجہ فاروق کی چوہدری نثار سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے چیخنے چلانے سے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا موقف تبدیل نہیں ہو سکتا اور نہ ہی پاکستان کشمیریوں کی حمایت سے کسی طور پر پیچھے ہٹے گا۔ اسلام آباد میں آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم راجا فاروق خان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ ’پاکستان عالمی طور پر تسلیم شدہ کشمیریوں کی حق خودارایت حاصل کرنے کی جدوجہد کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا‘۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جائز جدوجہد آزادی کو ریاستی ظلم و بربریت سے نہیں دبایا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں سے انحراف نہ صرف اقوام متحدہ بلکہ جمہوری اقدار کے چیمپئن بننے والے تمام ممالک کے لیے باعث تشویش ہونا چاہیے۔ چوہدری نثار نے کہا کہ معنی خیز مذاکرات سے کنارہ کشی اور پاکستان کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کرنے کی ہندوستانی پالیسی خطے میں پائیدار امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

آزادکشمیر کے وزیراعظم راجہ فارق خان نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی چوہدری نثار سے کشمیر میں ہندوستانی فورسز کی جانب سے ڈھائے جانےوالے مظالم پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر کی جدوجہد آزادی کو طاقت کے زور سے نہیں دبایا جاسکتا ہندوستان کو چاہیے کہ وہ اس تنازعہ کے حل کے لیے مذاکرات کی میز پر آئے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل ہونا جنوبی ایشیا کے پائیدار امن اور خطے میں ایٹمی تباہ کاری سے بچنے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ ہندوستان کی جانب سے عائد کیے جانے والے حالیہ الزامات کے حوالے سے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ یہ پاکستان کو بدنام کرنے کی سوچی سمجھی سازش ہے جو ایسے موقع پر کی جارہی ہے جب پاکستانی وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیر کا معاملہ اٹھانے والے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ کوئی نئی بات نہیں، جب بھی کچھ غلط ہوتا ہے ہندوستان بغیر تحقیق کیے پاکستان پر الزامات عائد کرنا شروع کر دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے منفی ہتھکنڈے کام آنے والے نہیں اور دنیا کے سامنے ہندوستان کا وحشیانہ چہرہ بے نقاب ہو جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 569014
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش