0
Friday 14 Oct 2016 16:30
الحشدالشعبی کیخلاف بیان اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ یہ سب کچھ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ہو رہا ہے

سعودی وزیر خارجہ کا بیان بیہودہ قرار، الحشد الشعبی عراقی قوم کیلئے باعث افتخار ہے، عراقی وزارت خارجہ

سعودی وزیر خارجہ کا بیان بیہودہ قرار، الحشد الشعبی عراقی قوم کیلئے باعث افتخار ہے، عراقی وزارت خارجہ
اسلام ٹائمز۔ عراقی حکومت نے اپنے ملک کی عوامی رضاکار فورس "الحشد الشعبی" کے خلاف سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کے بیان کو بیہودہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ الحشد الشعبی عراقی قوم کے لئے باعث افتخار ہے۔ عراقی وزارت خارجہ نے جمعے کو اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے خلاف سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر کا بیان عراق سے سعودی حکومت کی دشمنی کی علامت ہے۔ عراقی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ کا بیان دہشت گردوں کے خلاف عوامی رضاکار فورس کی کامیابیوں پر جھنجھلاہٹ کی غمازی کرتا ہے۔ عراقی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ الحشد الشعبی داعش کے خلاف کامیابیوں میں عراقی عوام اور حکومت کے ساتھ برابر کی شریک ہے۔ اس درمیان عراق کے نیشنل الائنس کے سربراہ عمار حکیم نے عوامی رضاکار فورس کے بارے میں فرقہ واریت سے متعلق ہر قسم کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوامی رضاکار فورس کی کامیابیوں کے پیش نظر اس کے خلاف الزامات عائد کرنا وہ بھی ایک ایسے وقت جب سعودی عرب نے صنعا میں بھیانک جرم کا ارتکاب کیا ہے، اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ یہ سب کچھ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ہو رہا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے جمعرات کو اپنے ترک ہم منصب مولود چاؤش اوغلو کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں یہ بے بنیاد الزام لگایا تھا کہ الحشد الشعبی عراق میں فرقہ واریت پھیلا رہی ہے۔ یہ بیہودہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے، جب عراق کی الحشد الشعبی یا عوامی رضاکار فورس میں عراق کے شیعہ نوجوانوں  کے ساتھ ساتھ سنی اور قبائلی نوجوان بھی بڑی تعداد میں شامل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 575373
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش