0
Wednesday 9 Nov 2016 12:36

جسٹس سعید الزماں گورنر سندھ مقرر

جسٹس سعید الزماں گورنر سندھ مقرر
اسلام ٹائمز۔ جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی کو ڈاکٹر عشرت العباد کی جگہ گورنر سندھ مقرر کر دیا گیا۔ یہ فیصلہ وفاقی حکومت کی جانب سے کیا گیا، تاہم اس کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا۔ دوسری جانب گورنر آفس نے اس حوالے سے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ میڈیا سے خصوصی گفتگو میں جسٹس سعید الزماں صدیقی نے گورنر سندھ کا عہدہ ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو درپیش مسائل میں سب سے اہم امن و امان کا مسئلہ ہے، جسے سب سے پہلے حل کرنا پڑے گا، جس کے بعد سیاسی مسائل کی جانب رخ کرنا پڑے گا۔ گورنر سندھ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنی ترجیحات کے حوالے سے جسٹس سعید الزماں نے بتایا کہ ان کی سب سے پہلی ترجیح امن و امان کا قیام ہوگا۔ ان کا کہنا تھا، 'حکومت کے ذمہ اہم کام امن و امان کا قیام ہے، جس کی ذمہ داری صوبائی حکومت اور گورنر پر آتی ہے، اگر کراچی میں امن ہوگا تو یہاں کاروباری سرگرمیاں پھلے ہھولیں گی۔' گورنر سندھ کو ہٹانے جانے کے حوالے سے سوال کے جواب میں جسٹس سعید الزماں کا کہنا تھا کہ 'میرے اپنے ذاتی خیال میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کا تنازعہ ہی وہ سب سے بڑی وجہ ہے، جس کے باعث عشرت العباد کو ہٹایا گا۔' انھوں نے مزید کہا کہ 'میں اپنی پوری کوشش کروں گا اور لوگوں کو ساتھ لے کر چلوں گا، کامیابی دینا اللہ کے اختیار میں ہے۔'

واضح رہے کہ جسٹس سعید الزماں صدیقی سابق چیف جسٹس آف پاکستان اور سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس بھی رہ چکے ہیں۔ وہ 2008ء میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر صدارتی امیدوار تھے۔ جسٹس سعید الزمان صدیقی نے جنرل (ر) پرویز مشرف کے پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کیا تھا. دوسری جانب سب سے طویل عرصہ تک گورنر شپ کا اعزاز رکھنے والے ڈاکٹر عشرت العباد خان 27 دسمبر 2002ء سے اب تک گورنر سندھ کے عہدے پر فائض رہے۔ سابق فوجی حکمراں پرویز مشرف نے ڈاکٹر عشرت العباد کو صوبہ سندھ کے گورنر کے طور پرنامزد کیا تھا۔ 2 مارچ 1963ء کو کراچی میں پیدا ہونے والے ڈاکٹر عشرت العباد خان نے پاکستان کے کم عمر ترین عمر گورنر کا اعزاز حاصل کیا۔ عشرت العباد نے ساڑھے 5 سال سابق صدر پرویز مشرف کے دور حکومت میں اور ساڑھے چار سال سابق صدر آصف علی زرداری کے دور حکومت میں گزارے۔ یاد رہے کہ 1992ء میں نواز شریف کی حکومت کے دوران کراچی میں ہونے والے آپریشن کے بعد وہ برطانیہ چلے گئے تھے اور طویل عرصے تک برطانیہ میں خود ساختہ جلا وطنی اختیار رکھی تھی۔
خبر کا کوڈ : 582216
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش