0
Saturday 24 Dec 2016 13:36

کراچی آپریشن کا حتمی مرحلہ جنوری 2017ء سے شروع کر دیا جائیگا

کراچی آپریشن کا حتمی مرحلہ جنوری 2017ء سے شروع کر دیا جائیگا
اسلام ٹائمز۔ وفاقی حکومت نے کراچی آپریشن2017ء میں بھی جاری رکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے، کراچی آپریشن کا حتمی مرحلہ جنوری 2017ء سے شروع کر دیا جائے گا۔ اس بات کا فیصلہ اعلیٰ سطح پر وفاق کے حکام نے سیکیورٹی اداروں کی مشاورت سے کیا ہے اور اس نئی حکمت عملی پر سندھ حکومت کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا، اس حوالے سے وزیراعظم کے دورہ کراچی کا بھی جلد امکان ہے۔ وفاق کے باخبر ترین ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے وفاقی وزیر داخلہ اور اعلیٰ ترین سیکیورٹی حکام سے مشاورت کی ہے۔ اس مشاورت میں طے ہوا ہے کہ کراچی آپریشن کے تحت سیکیورٹی اداروں کی کارروائیوں کے اہم ترین اور کامیاب تنائج حاصل ہوئے ہیں اور اس لئے آپریشن کو اہداف کے مکمل حصول تک جاری رکھا جائے گا۔ وفاق نے کراچی آپریشن کو 2017ء میں مزید تیزی لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

کراچی آپریشن کے اختتام کا کوئی حتمی ٹائم فریم مقرر نہیں کیا گیا ہے۔ وفاق نے طے کیا ہے کہ کراچی آپریشن کے حتمی مرحلے میں سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگز، دہشتگرد تنظیموں، کالعدم جماعتوں کے سرپرستوں، معاونین، مالی مدد گاروں، سہولت کاروں، بھتہ خور گروپس، لینڈ مافیا، اسلحہ اور دیگر غیرقانونی اشیا اسمگل کرنے والوں کے خلاف مزید سخت کارروائیاں کی جائیں گی۔ اس حوالے سے خفیہ ادارے ان عناصر کی نشاندہی کر رہے ہیں اور فہرستیں مرتب کی جا رہی ہیں۔ اس حکمت عملی کے تحت کراچی میں ملک کی سالمیت کے خلاف خصوصاً ’را‘ نیٹ ورک کیلئے کام کرنے والے عناصر اور تنظیموں کا کراچی سے مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وفاق کسی بھی ایسی تنظیم کو سیاسی و فلاحی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دے گا، جن کی سرگرمیاں ملک کے مفاد کے خلاف ہوں گی۔ وفاق کراچی میں پولیس کو جدید ٹریننگ اور سہولتوں سے آراستہ کرنے کیلئے سندھ حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔ ذرائع کے مطاق کراچی میں جمعہ کو سیکیورٹی ادارے کی کارروائی کو بعض حلقوں کی جانب سے سیاسی رنگ دینا غلط ہے، ایسے تمام عناصر خواہ وہ سیاسی ہوں یا غیر سیاسی، اگر ان کے جرائم میں ملوث ہونے کے ثبوت یا اطلاع ملیں گی، تو ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 594179
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش