0
Tuesday 27 Dec 2016 13:36

بینظیر بھٹو کی 9 ویں برسی کی تیاریاں مکمل، آصف زرداری کا حکومت مخالف اہم اعلان متوقع

بینظیر بھٹو کی 9 ویں برسی کی تیاریاں مکمل، آصف زرداری کا حکومت مخالف اہم اعلان متوقع
اسلام ٹائمز۔ سندھ کے ضلع گڑھی خدا بخش میں سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی 9 ویں برسی کی مناسبت سے جلسہ عام کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں، جس میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی جانب سے نواز حکومت کے خلاف اہم اعلان متوقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق بے نظیر بھٹو کی نویں برسی کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے ملک بھر میں تقریبات کا سلسلہ جاری ہے، جس میں ناصرف بے نظیر بھٹو کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کی جا رہی ہے، بلکہ ملک میں جمہوریت کی بحالی کیلئے ان کی خدمات پر روشنی بھی ڈالی جا رہی ہے، تاہم مرکزی تقریب ان کے آبائی علاقے گڑھی خدا بخش میں منعقد ہو رہی ہے۔ برسی کی تقریبات میں شرکت کیلئے آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری، بختاور اور آصفہ بھٹو زرداری سمیت چیئرمین سینیٹ رضا ربانی، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، راجا پرویز اشرف، سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور اعتزاز احسن سمیت ملک بھر سے پارٹی رہنما گڑھی خدا بخش بھٹو پہنچ چکے ہیں، جبکہ ملک بھر سے جیالوں کے قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، جو بے نظیر بھٹو، ذوالفقار بھٹو، نصرت بھٹو اور مرتضیٰ بھٹو کے مزاروں پر حاضری دے رہے ہیں۔ برسی کی تقریبات کا آغاز صبح گڑھی خدا بخش بھٹو میں بےنظیر بھٹو کے مزار پر قرآن خوانی سے کیا گیا ہے، جس کے بعد اجتماعی دعا کے ساتھ لنگر تقسیم ہوگا۔ ایک بجے جلسہ عام شروع ہوگا، جس میں ملک بھر سے آنے والے شاعر اپنے کلام کے ذریعے بے نظیر بھٹو کی خدمات کو خراج تحسین اور نذرانہ عقیدت پیش کریں گے، جبکہ مرکزی قائدین 4 بجے کے بعد جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ جلسے کے حوالے سے گڑھی خدا بخش میں بڑے پیمانے پر انتظامات کیے گئے ہیں، جلسہ گاہ کو پارٹی پرچموں اور قائدین کے تصاویر سے سجایا گیا ہے، جبکہ اسٹیج پر بھی پارٹی رہنماؤں کی تصاویر اور جھنڈے لگا دیئے گئے ہیں۔ ملک بھر سے آنے والے کارکنان کے سہولت کیلئے کیمپ قائم کیے گئے ہیں، جبکہ میڈیکل کیمپ اور پانی کی سبیلیں بھی لگائی گئی ہیں۔ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے 6500 پولیس افسران و اہلکار اور 300 رینجرز اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ ٹریفک انتظامات کیلئے 700 ٹریفک اہلکار بھی فرائض انجام دے رہے ہیں۔ برسی کے موقع پر جلسہ گاہ، پارکنگ اور دیگر علاقوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، جبکہ جلسہ عام کے بعد نوڈیرو میں شام کے وقت پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوگا، جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ اس بار بے نظیر بھٹوکی برسی اس حوالے سے بہت زیادہ اہمیت ہے کہ اس موقع پراجتماع میں آصف زرداری بھی شریک ہوں گے اور ان کی جانب سے برسی کے اجتماع میں بعض اہم سیاسی اعلانات کی بھی توقع کی جا رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 595015
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش