0
Monday 2 Jan 2017 01:38

ہم سب مل کر کراچی کو مثالی شہر بنائیں گے اور ٹیم ورک ہوگا تو نتیجہ بہتر آئے گا، میئر کراچی

ہم سب مل کر کراچی کو مثالی شہر بنائیں گے اور ٹیم ورک ہوگا تو نتیجہ بہتر آئے گا، میئر کراچی
اسلام ٹائمز۔ میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ہم سب مل کر کراچی کو مثالی شہر بنائیں گے اور ٹیم ورک ہوگا تو نتیجہ بہتر آئے گا، ہم سندھ حکومت سے بھی یہ توقع رکھتے ہیں کہ وہ ہم سے شہر کی تعمیر و ترقی میں تعاون کرے گی۔ یہ بات انہوں نے ضلع وسطی کے زیر انتظام پانچ روزہ سالانہ گل داؤدی فلاور شو کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ضلع وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی، بیس کمانڈر ملیر کینٹ ایئر کموڈور شہزادہ شاہ جہاں، میونسپل کمشنر ضلع وسطی وسیم سومرو، یوسی چیئرمین نعیم، ڈائریکٹر پارکس محمد ندیم اور دیگر افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ میئر کراچی نے کہا کہ شہر میں آٹھ سال سے کچرا نہیں اٹھایا گیا جس کے انبار لگ گئے ہیں، آہستہ آہستہ آگے بڑھیں گے اور ڈیڈ لاک ختم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی مہم کے ابھی تیس روز ہوئے ہیں اور شہر میں اس کے اثرات نظر آنا شروع ہوگئے ہیں، سو دنوں میں شہر مزید بہتر نظر آئے گا، شہر کو ہرا بھرا کرنے کی کوشش ہے لیکن سارے مسائل فنڈز اور اختیارات سندھ حکومت کے پاس ہیں، ہم ان سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ کراچی کو بہتر کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پارکوں اور گارڈن میں ٹکٹ سسٹم نہیں ہونا چاہیئے، لیکن وسائل کی کمی کے باعث ایسا کرنا فی الحال ممکن نہیں ہے، لیکن میں اس بات کا حامی ہوں کہ پارکوں میں کمرشل سرگرمیاں نہیں ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت جلد آئے گا جب ہم خود کفیل ہونگے۔

میئر کراچی نے کہا کہ پھولوں کی نمائش سے شہر کا امیج بہتر ہوتا ہے اور شہریوں کو ایک اچھی تفریح میسر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع وسطی کے چیئرمین اپنے علاقے میں اچھا کام کررہے ہیں اور امید ہے کہ وہ تمام یوسیز میں جو پارکس موجود ہیں انہیں بہتر بنائیں گے۔ ایئر کموڈور شہزادہ شاہ جہاں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اچھے مستقبل کی شروعات ہے، کراچی کا خوبصورت امیج واپس لانے کی کوشش ہے، میں میئر کراچی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا قدم ہے منزل ابھی دور ہے، ہم سب کو مل کر کراچی کو بہتر بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ہر پاکستانی کے دل میں بستا ہے، کراچی کی خوبصورتی پاکستان کی خوبصورتی ہے۔ ضلع وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی نے کہا کہ ہم ضلع وسطی کے مکینوں کو صفائی ستھرائی اور دیگر بنیادی سہولتوں کے ساتھ ساتھ تفریح کے مواقع بھی فراہم کررہے ہیں، آج یہ فلاور شو اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منتخب یوسیز سے پچاس فیصد کچرا اٹھا لیا ہے اور بقیہ پچاس فیصد بھی جلد صاف کردیں گے۔ تقریب سے یوسی چیئرمین نعیم نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں میئر کراچی وسیم اختر نے پانچ روزہ سالانہ گل داؤدی فلاور شو کا فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا۔
خبر کا کوڈ : 596331
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش