0
Monday 2 Jan 2017 02:06
آج ہماری كوششوں سے حلب اور برما كے مسلمانوں كو حوصلہ مل رہا ہے

كشمیر، فلسطین، حلب اور برما میں مظالم پر اقوام متحدہ كی سلامتی كونسل اندھی، بہری اور گونگی بن چكی ہے، سراج الحق

مسلمانوں كو ایک مشتركہ معاشی منڈی اور مشتركہ فوج بنانے كی ضرورت ہے
كشمیر، فلسطین، حلب اور برما میں مظالم پر اقوام متحدہ كی سلامتی كونسل اندھی، بہری اور گونگی بن چكی ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے كہا ہے كہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی كی جانب سے پانی بند كرنے كا اعلان ہماری زندگی اور موت كا مسئلہ ہے، اس لئے حکومت کا فرض ہے کہ مودی کو اسی کی زبان میں جواب دے۔ جماعت اسلامی كراچی كے تحت شام اور برما كے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم كے خلاف اور مظلومین كی حمایت اور اظہار یكجہتی كے لیے شاہراہ قائدین پر منعقدہ ’’ امت رسول مارچ ‘‘سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہم ملک میں ایسی قیادت لانا چاہتے ہیں جو كرپشن سے پاک ہو، جماعت اسلامی میں ایسا كوئی نہیں جس كا نام پاناما لیكس میں ہو، ہمارا دامن كرپشن كے داغ دھبوں سے بالكل پاک ہے، جب کہ بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کی جانب سے پاکستان كا پانی بند كرنے كا اعلان ہماری زندگی اور موت كا مسئلہ ہے، اس لئے حكومت كا فرض ہے كہ مودی كو اسی كی زبان میں جواب دینا ہوگا۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ عالم اسلام كے حكمرانوں نے امت كے اہم مسائل پر خاموشی اختیار كر ركھی ہے، جب کہ حكمران امریكا، مغرب اور عالمی اداروں كے ایجنڈے كو ملک كے اندر لانا چاہتے ہیں، پاكستان كے حكمرانوں پر فرض ہے كہ وہ شام اور برما كے مسلمانوں كا ساتھ دیں، جماعت اسلامی كشمیر، فلسطین اور دیگر مسلمانوں كے ساتھ ہمیشہ كھڑی رہی ہے اور آج جماعت اسلامی شام كے شہر حلب اور برما كے مسلمانوں كے ساتھ كھڑی ہے، جماعت اسلامی نے یكم جنوری كو مظلوم مسلمانوں سے اظہار یكجہتی كركے 2017ء كے سال كو مظلوم مسلمانوں كا سال بنا دیا ہے، ہم مظلومین كی حمایت آخری دم تک جاری ركھیں گے۔

سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی اتحاد و وحدت كی علامت ہے، امت مسلمہ كو ہم جسد واحد كی طرح سمجھتے ہیں اور اپنا یہ فرض ادا كرتے رہیں گے، آج ہماری ان كوششوں سے حلب اور برما كے مسلمانوں كو حوصلہ مل رہا ہے، اقوام متحدہ كفن چوروں كا ٹولہ ہے اور یہ مسلمانوں كے لیے كبھی كچھ كرنے پر تیار نہیں، مشرقی تیمور اور سوڈان كے اندر تو اقوام متحدہ فوراً حركت میں آجاتی ہے، لیكن كشمیر، فلسطین، حلب اور برما میں مسلمانوں پر مظالم پر اقوام متحدہ كی سلامتی كونسل اندھی، بہری اور گونگی بن چكی ہے، امریكا مغرب اور اقوام متحدہ كو مسلمانوں كا خون آج كیوں نظر نہیں آرہا جب کہ تركی كو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے، جو سب كے لیے تشویشناک ہے۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ مسلم حكمرانوں كو عالم اسلام كے لیے ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں كے لیے اقوام متحدہ كے اندر اپنا حق مانگنا ہوگا، ورنہ اپنی الگ عالمی تنظیم بنائی جائے، حكمرانوں كو یہ فیصلہ كرنا پڑے گا كہ وہ غلامی چاہتے ہیں یا آزادی، مسلمانوں كو ایک مشتركہ پلیٹ فارم، مشتركہ معاشی منڈی اور مشتركہ فوج بنانے كی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں كے لیے زندگی كا واحد راستہ اتحاد و یكجہتی اور جدوجہد كا راستہ ہے، امت رسولﷺ مارچ برما اور شام سمیت دنیا بھر كے مظلوم مسلمانوں سے بھرپور اظہار یكجہتی كا مظہر ہے، آج عظیم الشان مارچ كرنے پر كراچی كے نوجوانوں، ماؤں، بہنوں، بیٹیوں اور غیور عوام مباركباد اور خراج تحسین كے مستحق ہیں۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی ظلم، جبر، کرپشن اور جہالت کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے، حالات کا تقاضا ہے کہ جماعت اسلامی کو ملک کی قیادت ملے، یہ پوری امت کی ضرورت ہے، الحمد للہ میری ٹیم کا نام کرپشن کی کسی لسٹ میں نہیں ہے، صرف جماعت اسلامی ہی ملک کو کرپشن سے پاک قیادت فراہم کر سکتی ہے، پاکستان کو کرپشن سے پاک قیادت ملے گی تو کشمیر بھی آزاد بھی ہوگا اور فلسطین بھی، امت مسلمہ کی داد رسی کرنے پر دشمن نے ترکی کو ہدف بنا لیا ہے، رجب طیب اردگان کا شکریہ جو ہمیشہ مسلمانوں پر ظلم کے خلاف آواز بلند کرتے ہیں، حلب کے مسلمانوں پر بارود کی آگ برسائی جا رہی ہے اور جماعت اسلامی اس پر سراپا احتجاج ہے، حلب کی مائیں اور بیٹیاں سوال کر رہی ہیں کہ عصمت دری سے بچنے کے لیے خودکشی جائز ہے یا نہیں؟۔ امت رسول مارچ سے امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ ڈاكٹر معراج الہدیٰ صدیقی، امیر جماعت اسلامی كراچی حافظ نعیم الرحمن، نائب امیر كراچی ڈاكٹر اسامہ رضی جماعت الدعوہ كے رہنما ڈاكٹر مزمل اقبال ہاشمی، برمی مسلمانوں كے رہنما حبیب اللہ تاج اور دیگر نے بھی خطاب كیا، جب کہ مارچ میں ڈاكٹر عافیہ صدیقی كی رہائی كے لیے بھی قرارداد منظور كی گئی۔
خبر کا کوڈ : 596332
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش