0
Sunday 8 Jan 2017 12:10

سی آئی اے داعش کی خاطر لڑنے کیلیے دباؤ ڈالتی رہی، فلوریڈا ائیرپورٹ پر فائرنگ کے ملزم سابق امریکی فوجی کا انکشاف

سی آئی اے داعش کی خاطر لڑنے کیلیے دباؤ ڈالتی رہی،  فلوریڈا ائیرپورٹ پر فائرنگ کے ملزم سابق امریکی فوجی کا انکشاف
اسلام ٹائمز۔ امریکی میڈیا کے مطابق فلوریڈا کے ایئرپورٹ پر فائرنگ کر کے 5 افراد کو ہلاک کرنیوالا سابق امریکی فوجی نکلا، اندھا دھند فائرنگ کرنیوالے 28 سالہ ملزم اسٹیبان سینٹیاگو پر داعش کی خاطر لڑنے کے لیے دباؤ ڈالے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملزم امریکی فوج میں رہ چکا ہے اور اس نے عراق میں بھی خدمات انجام دی تھیں، حراست میں لیے جانے کے وقت اس کے پاس فوجی شناختی کارڈ بھی تھا۔ واضح رہے کہ اسٹیبان سینٹیاگو آلاسکا میں ایف بی آئی کے دفتر بھی جا چکا ہے، جہاں اس نے دعویٰ کیا تھا کہ اس پر سی آئی اے دباؤ ڈال رہی ہے کہ وہ داعش کی خاطر لڑے اور اسے جہادی وڈیوز دیکھنے کے لیے کہا جاتا تھا۔ اس کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ کسی کو تکلیف نہیں دینا چاہتا۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہ ایک مسافر تھا، جس نے اپنے سامان میں گن اور گولیوں کے ساتھ چیک ان کیا تھا، لیکن اس نے لینڈ کرنے پر اپنا سامان حاصل کیا اور پھر بندوق کو باتھ روم میں لوڈ کرکے مسافروں پر فائرنگ کی۔ خیال رہے کہ امریکا میں اسلحے کے ساتھ سفر کرنا قانونی ہے، البتہ اسے چیکڈ ان سامان کے ساتھ ٹھوس بکسے میں رکھا جاتا ہے اور گولیوں کو بھی سامان کے ساتھ علیحدہ رکھا جا سکتا ہے۔ ایف بی آئی ایجنٹ جارج پیرو نے میڈیا کو بتایا کہ ہم تمام پہلوؤں پر غور کر رہے ہیں، ہم نے دہشت گردی کے پہلو کو بھی نظرانداز نہیں کیا اور ہم اس حملے کے پیچھے چھپے مقصد کا پتہ لگانے کیلئے ہر زاویے پر غور کر رہے ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق حملہ آور کے ساتھ ذہنی مسائل تھے، جو عراق میں قیام کے دوران شروع ہوئے، اہل خانہ کے حوالے سے میڈیا کا کہنا تھا کہ اسٹیبان نفسیاتی علاج کروا رہا تھا، جب وہ عراق سے لوٹا تو اچھا محسوس نہیں کر رہا تھا۔
خبر کا کوڈ : 598189
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش