0
Sunday 15 Jan 2017 19:22

مقبوضہ کشمیر میں سخت ترین سردی جاری

مقبوضہ کشمیر میں سخت ترین سردی جاری
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر میں سخت ترین سردی کا قہر جاری ہے، شدید ٹھنڈ کی وجہ سے شہر سرینگر سمیت وادی کشمیر کے دوسرے علاقوں میں لوگوں کو پینے کے پانی کی عدم دستیابی کا سامنا ہے، کیونکہ نلوں کے جم جانے سے پانی کی سپلائی متاثر ہوچکی ہے۔ ادھر سرینگر میں ہفتہ اور اتوار کی درمیان شب رواں موسم میں اب تک کی سرد ترین رات ثابت ہوئی، جس دوران کم سے کم درجہ حرارت منفی چھے اعشاریہ آٹھ ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ آج بھی دن بھر سخت ترین سردی کے ساتھ ساتھ برفانی ہواؤں کے چلنے کا سلسلہ جاری رہا اور شدید ترین سردی سے لوگوں کا بہت ہی بُرا حال ہے اور فی الحال اس میں کمی آنے کے کوئی بھی آثار نظر نہیں آرہے ہیں۔ کشمیر کے بالائی علاقوں سیاحتی مقامات گلمرگ، پہلگام، سونہ مرگ میں جمی برف سے میدانی علاقوں میں دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کئی دنوں سے منفی ہے۔ سردی کی شدت میں لگاتار ہو رہے اضافے اور درجہ حرارت میں ہورہی کمی سے شہر سرینگر سمیت کشمیر کے دوسرے علاقوں میں لوگوں کو پینے کے پانی کی عدم دستیابی کا سامنا ہے، کیونکہ نلوں کے جم جانے سے پانی کی سپلائی متاثر ہوچکی ہے۔

دن کا درجہ حرارت بھی بہت زیادہ گرنے کی وجہ سے عالمی شہرت یافتہ ڈل جھیل کے کنارے بھی منجمد ہوگئے ہیں اور شکارا والوں کو اپنا کام کرنے میں زبردست مصائب جھیلنے پڑ رہے ہیں۔ دریائے جہلم کا پانی اگرچہ چوبیسوں گھنٹے رواں رہتا ہے مگر اس کے باوجود اس کے کنارے منجمد ہوگئے ہیں جبکہ ہوکر سر، آنچار سر، رکھ شالہ بگ، رکھ ہائیگام بھی مکمل طور پر جم گئے ہیں۔ جھیل ولر کے کناروں پر بھی پانی کو یخ بستہ دیکھا جاسکتا ہے۔ ہارون میں آبی ذخائز اس قدر جم گئے ہیں کہ دن میں بچے اس پر کھیلتے نظر آرہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں صبح و شام اس قدر سردی کی شدت محسوس کی جاتی ہے کہ عام لوگ دو پہر کے بعد ہی گھروں سے نکل کر اپنی محدود سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں، سردی کی وجہ سے کچھ حد تک وادی کے تجارتی اور کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ہوکر رہ گئی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 600091
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش