0
Wednesday 15 Feb 2017 21:15

افغان نائب سفیر کی دفتر خارجہ طلبی، جماعت الاحرار کے خلاف کارروائی کا پرزور مطالبہ

افغان نائب سفیر کی دفتر خارجہ طلبی، جماعت الاحرار کے خلاف کارروائی کا پرزور مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان نے ملک میں دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین استعمال ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے افغانستان حکومت سے کالعدم جماعت الاحرار کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے، نائب افغان سفیر کو دفتر خارجہ میں طلب کرتے ہوئے افغانستان میں دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور محفوظ پناہ گاہوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر شدید احتجاج کیا گیا۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق دفتر خارجہ میں نائب افغان سفیر کو طلب کر کے کالعدم دہشت گرد تنظیم جماعت الاحرار کی پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انٹیلی جنس شیئرنگ کے باوجود افغانستان میں دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور محفوظ پناہ گاہوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر افغان حکومت سے شدید احتجاج کیا ہے۔ علاوہ ازیں وزارت برائے خارجہ امور کی ایڈیشنل سیکرٹری تسنیم اسلم نے اسلام آباد میں تعینات افغان ڈپٹی ہیڈ آف مشن سید عبدالناصر یوسفی سے ملاقات کی اور افغانستان میں سرگرم تنظیموں کی جانب سے پاکستان پر حملے کا معاملہ اٹھایا، ملاقات میں تسنیم اسلم نے افغانستان کی سرزمین پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اپنی سرزمین پر دہشت گرد تنظیم کالعدم جماعت الاحرار کی کارروائیوں پر تشویش ہے جو کہ افغانستان میں موجود اپنی پناہ گاہوں سے آپریٹ کررہی ہے۔

تسنیم اسلم نے عبدالناصر یوسفی کو مطلع کیا کہ افغان حکام کو پہلے بھی قابل عمل انٹیلی جنس اطلاعات فراہم کی گئی تھیں جس میں پاکستان نے افغانستان پر زور دیا تھا کہ وہ اپنی سرزمین پر موجود دہشت گردوں، ان کی پناہ گاہوں، مالی معاونت کرنے والوں اور سہولت کاروں کے خلاف فوری طور پر کارروائی کرے۔ ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ تسنیم اسلم نے اس موقع پر افغان ڈپٹی ہیڈ آف مشن کو ایک ڈوزیئر بھی دیا جس میں دہشت گرد حملوں کی تفصیلات اور دیگر متعلقہ مواد شامل ہے۔ واضح رہے کہ 13 فروری کو لاہور اور 15 فروری کو فاٹا کی مہمند ایجنسی میں ہونے والے خود کش دھماکوں سمیت پاکستان میں ہونے والی کئی بڑی دہشت گردی کی کارروائیوں کی ذمہ داری کالعدم جماعت الاحرار نے قبول کی ہے جبکہ سکیورٹی اداروں سمیت ملک بھر میں اپنی گھناؤنی کاروائیاں کرنے کی دھمکی بھی دی ہے۔ یاد رہے کہ تحریک طالبان، جماعت الاحرار، لشکر جھنگوی سمیت دیگر کالعدم تنظیموں نے افغانستان میں محفوظ ٹھکانے بنا رکھے ہیں جہاں وہ بھارتی معاونت اور سرپرستی سے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لئے اپنی کارروائیاں کرتی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 609839
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش