0
Wednesday 22 Feb 2017 23:45

پیپلز پارٹی کا پاک فوج کے ’’آپریشن رد الفساد‘‘ کی حمایت کا فیصلہ

پیپلز پارٹی کا پاک فوج کے ’’آپریشن رد الفساد‘‘ کی حمایت کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے پاک فوج کے اعلان کردہ آپریشن رد الفساد کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے اور کہا ہے کہ دہشتگردی اندرونی ہو یا بیرونی، اس کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں اور سیکورٹی فورسز کے جن باہمت اہلکاروں نے دہشتگردوں سے لڑ کر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، پوری قوم کو ان پر فخر ہے، پیپلز پارٹی دہشتگردی کے خلاف مہم میں سیکوریٹی اداروں اور پوری قوم کے شانہ بشانہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق بلاول ہاﺅس کراچی میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے سابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی، ملاقات میں دہشتگردی کی حالیہ لہر کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کی قیادت نے پاک فوج کی جانب سے آپریشن رد الفساد شروع کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے دہشتگردی کے مکمل خاتمہ کیلئے اپنے عزم کو دہرایا۔

بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی سے وہ خود ذاتی طور پر متاثر ہوئے ہیں اور انہوں نے اپنی عظیم ماں کی قربانی دی ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ دہشتگردی اندرونی ہو یا بیرونی اسے ختم کرکے دم لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام امن پسند عالمی قوتیں دہشتگردی کے خلاف پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں، انسانیت کے دشمن دہشتگردوں کو اللہ اور عوام معاف نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل ہوتا ہوا دکھائی نہیں دے رہا ہے، صرف سندھ حکومت اس پر عمل درآمد کر رہی ہے، باقی صوبے بھی نیشنل ایکشن پلان پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمام جمہوریت پسند قوتیں انتہاپسندی کے خلاف ہیں، ہمارا یہ پختہ عزم ہے کہ دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔
خبر کا کوڈ : 612075
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش