0
Monday 6 Mar 2017 16:31

سپریم کورٹ کا ایم ڈی کراچی واٹر بورڈ کو فوری ہٹانے کا حکم

سپریم کورٹ کا ایم ڈی کراچی واٹر بورڈ کو فوری ہٹانے کا حکم
اسلام ٹائمز۔ سپریم کورٹ نے ایم ڈی واٹر بورڈ کراچی مصباح الدین فرید کو فوری طور پر ان کے عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا ہے۔ جسٹس امیر ہانی مسلم کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے کراچی رجسٹری میں منچھر جیل اور پانی میں آلودگی میں از خود نوٹس کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران سندھ ہائی کورٹ کے کمیشن نے اپنی رپورٹ عدالت عظمیٰ کے روبرو پیش کی۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ آر او پلانٹس کی تنصیب میں اربوں روپے کا فراڈ کیا گیا، صوبے بھر میں 7 سو سے زائد پلانٹس کی تنصیب کی گئی اور پلانٹس کی تنصیب کے بعد ان کے معیار اور کارکردگی کا تجزیہ کئے بغیر اربوں روپے کی ادائیگیاں کی گئیں، لاڑکانہ کی 70 لاکھ آبادی ہے، رائس کینال میں 18 مقامات پر گندا پانی ڈالا جاتا ہے جب کہ گندا پانی لاڑکانہ سے جوہی تک کاشتکاری اور پینے کے لئے استعمال ہوتا ہے، لاڑکانہ کا 88 فیصد جب کہ شکارپور کا 79 فیصد زیر زمین پانی پینے کے قابل نہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کوٹری میں نصب کیا جانے والا ٹریٹمنٹ پلانٹ بند ہوچکا ہے، کوٹری کا گندا پانی کے بی فیڈر میں ڈالا جاتا ہے اور یہی پانی کراچی کو فراہم کیا جاتا ہے، ٹھٹھہ میں بھی سیوریج نظام اور ٹریٹمنٹ پلانٹ موجود نہیں جب کہ کراچی میں 84 مقامات سے پانی کے نمونے حاصل کئے گئے جن میں سے 80 فیصد پانی پینے کے قابل نہیں، پانی میں موجود بیکٹریا اور ڈی ایس کی وجہ سے پیٹ کے امراض پھیل رہے ہیں، اس کے علاوہ شہر کا گندا پانی سمندر میں چھوڑنے سے آبی حیات، مینگروز اور دیگر کو خطرات لاحق ہیں۔

ناکارہ آر او پلانٹس کی تنصیب پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور چیف سیکریٹری سے استفسار کیا کہ بتایا جائے کہ آر او پلانٹس کی دیکھ بھال کس کی ذمہ داری تھی، آر او پلانٹس کی تنصیب کس کا کام ہے اور کر کوئی اور رہا ہے، اربوں روپے خرچ کر رہے ہیں لہذا اب اس ظلم کی سزا کس کو دینی چاہیئے۔ جسٹس امیر ہانی مسلم نے ریمارکس دیئے کہ ایک آدمی کی زندگی بچانے کے لئے سو آدمیوں کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے، اگر ایک شخص کی زندگی کو بھی بچانے کے لئے ہمیں کسی کے خلاف قانونی کارروائی کرنا پڑی تو ضرور کریں گے۔ سپریم کورٹ نے ایم ڈی واٹربورڈ مصباح الدین فرید کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانےکا حکم جاری کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے چیف سیکرٹری کو حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایم ڈی واٹر بورڈ کیڈر پوسٹ ہے اس لئے اس عہدے پر کیڈر افسر ہی تعینات کیا جائے۔ سماعت کے دوران ایڈوکیٹ جنرل کی جانب سے مہلت کی استدعا کی گئی جس پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ ایک شرط پر مزید وقت دیں گے کہ تمام سیکریٹری نلکے کا پانی پئیں۔
خبر کا کوڈ : 615517
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش