0
Tuesday 14 Mar 2017 15:06

پاکستان پیپلزپارٹی کا حسین حقانی سے لاتعلقی کا اعلان

پاکستان پیپلزپارٹی کا حسین حقانی سے لاتعلقی کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مخالف عناصر کے احکامات پر افواجِ پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش کے الزام میں ارکان پارلیمنٹ نے امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔ اس حوالے سے سب سے اہم ریمارکس قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے دیئے، جنہوں نے ناصرف سابق سفیر کو پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) سے الگ کرنے کا اعلان کیا بلکہ حسین حقانی کے حالیہ مضمون کو بھی 'غدارانہ فعل' قرار دیا۔ حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اویس لغاری کی جانب سے اسمبلی میں اس معاملے کو اٹھائے جانے پر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہمیں ایسے لوگوں کو اہمیت نہیں دینی چاہیئے جو اس وطن کے سپوت ہوتے ہوئے بھی ملک سے باہر بیٹھ کر غداری کے مرتکب ہوتے ہیں۔ خورشید شاہ کے مطابق حسین حقانی کا دعویٰ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو تنہا کرنے کی کوششوں کی تیاریاں جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حسین حقانی نے یہ کالم نئی امریکی انتظامیہ کی توجہ حاصل کرنے کے لیے لکھا اور اسی لیے ایسے شخص کی بات کو کوئی اہمیت نہیں دی جانی چاہیئے۔

خورشید شاہ کا مزید کہنا تھا کہ پی پی پی حکومت کو جب اندازہ ہوا کہ حسین حقانی کا تقرر ملکی مفاد میں نہیں رہا تو انہیں عہدے سے ہٹا کر شیری رحمٰن کو واشنگٹن میں سفیر مقرر کر دیا گیا۔ اویس لغاری کا اس موقع پر کہنا تھا کہ حسن حقانی نے چند پاکستان مخالف عناصر کی حمایت کرتے ہوئے ملک کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے اور یہ کام ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب امریکی فوجی افسران دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو سراہ رہے ہیں اور ملک کا سابق سفیر یہ دعویٰ کر رہا ہے کہ اسلام آباد دہشتگردوں کیخلاف جنگ کو لے کر سنجیدہ نہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے پیپلزپارٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ حسین حقانی کے اس دعوے کی سختی سے تردید کریں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے عارف علوی اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے شیخ صلاح الدین نے حسین حقانی کے حالیہ بیان پر گہری تشویش کا اظہار کیا، ساتھ ہی ایم کیو ایم رکن اسمبلی نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ ایبٹ آباد انکوائری کمیشن کی رپورٹ کو منظرعام پر لایا جائے تاکہ قوم حقائق جان سکے۔ سابق وزیر مملکت برائے خارجہ امور خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کو یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ حسین حقانی ایک اہم ترین عہدے کے لیے غلط انتخاب تھے۔ دوسری جانب سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) کے نہال ہاشمی کی جانب سے یہ معاملہ اٹھائے جانے پر پیپلز پارٹی کے رکن فرحت اللہ بابر نے اس کا جواب دیا۔
خبر کا کوڈ : 618116
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش