0
Tuesday 28 Mar 2017 20:45

خیبر پی کے، 3 سال میں محکمہ تعلیم کے 783 ملازمین فارغ

خیبر پی کے، 3 سال میں محکمہ تعلیم کے 783 ملازمین فارغ
اسلام ٹائمز۔ خیبرپختونخوا حکومت نے گزشتہ 3 سال کے دوران محکمہ تعلیم کے 704 ملازمین کو سروسز سے برطرف جبکہ  79 کو برخاست کیا۔ اس دوران غیرحاضری پر مرد و خواتین اساتذہ سمیت صوبہ بھر کے افسران سے ساڑھے 19 کروڑ روپے سے زائد جرمانہ وصول کیاگیا۔ اس ضمن میں محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا کے جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق یکم جولائی 2013 سے 28 فروری 2017 تک 167 ملازمین کو جبری طور پر ریٹائر، 77 کو ڈی موٹ اور 458 کی ترقیاں روکی گئیں۔ محکمہ نے 3 سال کے دوران ڈیوٹی میں غفلت برتنے پر 11 ہزار سے زائد افسران واساتذہ کی تنخواہوں سے 19 کروڑ 84 لاکھ سے زائد روپے کی کٹوتی کی۔ رپورٹ کے مطابق صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں مرد اساتذہ کو غیرحاضری پر 8 کروڑ 28 لاکھ 88 ہزار 915 روپے جبکہ خواتین اساتذہ کو 11 کروڑ 55 لاکھ 91 ہزار 648 روپے جرمانہ کیاگیا ہے۔ ایبٹ آباد میں سب سے زیادہ اساتذہ غیرحاضر پائے گئے جن پر 5 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیاگیا جبکہ پشاور میں مرد و خواتین اساتذہ کو 2 کروڑ 54 لاکھ روپے جرمانہ کیاگیا۔ محکمہ کی جانب سے 3 ہزار 21 اساتذہ کو وارننگ دی گئی۔ برطرف ہونے والے اساتذہ میں 376 مرد اور 354 خواتین جبکہ برخاست ہونے والوں میں 56 مرد اور 23 خواتین اساتذہ شامل ہیں۔ جبری طور پر ریٹائر ہونے والوں میں 108 مرد اور 59 خواتین، نیچے گریڈ میں واپس بھیجنے والے اساتذہ میں 64 مرد اور 13 خواتین جبکہ 286 مرد اور 172 خواتین کی ترقیاں روکی گئیں۔ اسی طرح غیر حاضر اساتذہ میں 5 ہزار 213 مرد اور 6 ہزار 333 خواتین اساتذہ شامل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 622416
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش