0
Tuesday 28 Mar 2017 21:42

فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے شجر کاری مہم

فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے شجر کاری مہم
اسلام ٹائمز۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت فلسطینیوں کے اکتالیسویں یوم ارض کے موقع پر پودے لگا کر یکجہتی کی گئی، شجر کاری کا مرکزی پروگرام کراچی میں شارع قائدین پر مزار قائد کے سامنے منعقد ہوا، جس میں رکن قومی اسمبلی اور پاکستان پیپلز پارٹی کی خاتون رہنماء شاہدہ رحمانی بطور مہمان خصوصی شریک ہوئیں اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے شجر کاری مہم میں پودے لگائے۔ اس موقع پر شاہدہ رحمانی کا کہنا تھا کہ فلسطین کی آزادی ناگزیر ہے اور مسئلہ فلسطین صرف مسلم امہ کا ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کا مسئلہ ہے، جس کیلئے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی کارکردگی قابل تحسین ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی جاوید ناگوری نے کہا کہ وہ فلسطینیوں کے یوم ارض کے موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے اشتراک سے کراچی بھر میں دس ہزار پودے لگا کر مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کریں گے۔ چیئرمین ڈی ایم سی ایسٹ معید احمد کا کہنا تھا کہ فلسطین فاؤنڈیشن کا شجر کاری مہم منانا مثبت اور خوش آئند ہے، شہری حکومت اس طرح کے مثبت اقدامات کو ہر سطح پر تعاون کرے گی۔ اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور فلسطین کی جدوجہد آزادی کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

تقریب میں شریک معزز مہمانان گرامی میں جماعت اسلامی کے صوبائی رہنماء و سابق رکن قومی اسمبلی مظفر ہاشمی، محمد حسین محنتی، پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اسرار عباسی، معروف مقرر اور بین الاقوامی ایوارڈ یافتہ اویس ربانی، آل پاکستان سنی تحریک کے سربراہ مطلوب اعوان قادری، مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی، جعفریہ الائنس پاکستان کے سید شبر رضا، پاکستان پیپلز پارٹی ہیومن رائٹس کے فیصل شیخ، جماعت اسلامی یوتھ سندھ کے صدر فرہاد گل، انسانی حقوق کے اداروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں میں حارث علی مٹھانی، ڈاکٹرخالد اختر، علامہ مبشر حسن، علامہ نشان حیدر، ناصر حسینی، مظہر احمد، فرید میمن اور پی ایل ایف کے سیکرٹری جنرل صابو ابر مریم سمیت علی احمر،فرحت عباس، ظہیر حیدر، مدثر خان اور دیگر شریک ہوئے اور اپنے اپنے حصہ کا ایک پودا لگا کر فلسطین کے اکتالیسویں یوم ارض پر مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا اور فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے صیہونی اسرائیلی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
خبر کا کوڈ : 622421
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش