0
Thursday 30 Mar 2017 20:38

ڈاکٹر عاصم کی رہائی ایک روز کیلئے مؤخر

ڈاکٹر عاصم کی رہائی ایک روز کیلئے مؤخر
اسلام ٹائمز۔ کرپشن کیس میں درخواست ضمانت منظور ہونے کے باوجود سابق مشیر پٹرولیم اور پیپلز پارٹی کراچی کے صدر ڈاکٹر عاصم حسین کی رہائی ایک روز کیلئے مؤخر ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سندھ ہائیکورٹ کے ریفری جج جسٹس آفتاب گورڑ نے 479 ارب روپے کی کرپشن سے متعلق دو کیسز میں ڈاکٹر عاصم کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 50 لاکھ روپے کے مچلکے اور پاسپورٹس جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔ ڈاکٹر عاصم دہشت گردوں کے علاج معالجے اور ان کی سہولت کاری سے متعلق کیس میں پہلے ہی اپنے پاسپورٹس انسداد دہشتگردی کی عدالت میں جمع کرا چکے ہیں، جمعرات کی صبح جب ڈاکٹر عاصم کی قانونی ٹیم کے وکلاء ضمانتی دستاویزات مکمل کرکے ناظر کے پاس پہنچے، تو ناظر نے اعتراض کیا کہ دستاویزات میں پاسپورٹس نہیں، اس لئے وہ ملزم کے ریلیز آرڈر جاری نہیں کر سکتے۔ فیصلے اور قانونی معاملات کو حل کرنے کیلئے جب ڈاکٹر عاصم کی قانونی ٹیم نے عدالت عالیہ سے رجوع کیا، تو فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ قانون کے مطابق وہ اس فیصلے میں ایک نقطے کی بھی تبدیلی نہیں کر سکتے۔

جس کے بعد کیس کو چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے چیمبر میں بھجوا دیا گیا، تاہم وہ بھی اندرون سندھ کے دورے پر ہیں اور پھر یہ معاملہ سینئیر جج جسٹس عرفان سعادت خان کے روبرو گیا، لیکن انہوں نے معاملہ دوبارہ چیف جسٹس کے پاس بھجوا دیا۔ دوسری جانب ڈاکٹر عاصم کے وکیل انور منصور کا کہنا ہے کہ ان کے موکل کے خلاف دو مقدمات زیر سماعت ہیں، دونوں ہی میں ضمانت کی درخواست ہائی کورٹ نے ہی منظور کی ہے، ایک مقدمے میں ڈاکٹر عاصم نے اپنے پاسپورٹس انسداد دہشتگردی کی عدالت میں جمع کرا دیئے ہیں، جس کے باعث دوسرے مقدمے میں پاسپورٹ جمع نہیں کرائے جا سکے، یہ تکنیکی مسئلہ ہے، جسے ایگزیکٹیو آرڈر سے درست کیا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ 2015ء ڈاکٹر عاصم کو دہشتگردوں کی معاونت کے الزام میں گرفتار کیا تھا اور ان پر دہشتگردوں کا علاج کرنے سمیت دیگر الزامات عائد ہیں۔
خبر کا کوڈ : 623156
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش