0
Sunday 16 Apr 2017 16:52

رینجرز نے سندھ میں حاصل خصوصی اختیارات کی مدت ختم ہونے پر تمام آپریشنز روک دیئے

رینجرز نے سندھ میں حاصل خصوصی اختیارات کی مدت ختم ہونے پر تمام آپریشنز روک دیئے
اسلام ٹائمز۔ سندھ میں رینجرز کے خصوصی اختیارات میں توسیع کا معاملہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے ہمیشہ کی طرح پھر سے لٹکا دیا ہے، جبکہ اختیارات ختم ہونے پر رینجرز نے سندھ میں تمام آپریشنز روک دیئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت رینجرز کو دہشتگردوں، ٹارگٹ کلرز اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کیلئے ہر 3 ماہ بعد اختیارات میں توسیع کی جاتی ہے، لیکن سندھ حکومت اور وفاق کے درمیان تنازع کی وجہ سے ہر بار کی طرح اس بار بھی یہ معاملہ لٹک گیا ہے۔ سندھ رینجرز کے اختیارات کی مدت 14 اپریل جمعہ کی رات 12 بجے ختم ہو گئی تھی، محکمہ داخلہ نے سمری تیار کرکے بھیج دی، لیکن وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کراچی میں اجلاسوں پر اجلاس کر رہے ہیں، مگر سمری پر دستخط کرنے کا وقت نکالنے کو تیار نہیں۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے ساتھیوں کی گمشدگی کے بعد سندھ حکومت کی جانب سے صوبے میں رینجرز کو خصوصی اختیارات کا معاملہ ایکبار پھر شش و پنج کا شکار ہے اور اسی وجہ سے مراد علی شاہ سمری پر دستخط میں پس و پیش سے کام لے رہے ہیں، جس کی وجہ سے سمری پر دستخط نہیں کئے جا سکے۔ دوسری جانب اختیارات کی مدت ختم ہونے پر سندھ رینجرز نے تمام آپریشنز روک دیئے ہیں۔ رینجرز کی جانب سے گرجا گھروں اور مساجد سمیت تمام مقامات سے نفری واپس بلا لی گئی ہے، شہر کی اہم شاہراہوں پر اسنیپ چیکنگ کا عمل بھی روک دیا گیا ہے، تاہم گورنر ہاؤس، وزیراعلیٰ ہاؤس، ججز صاحبان اور ایئرپورٹ پر رینجرز کی نفری تعینات رہے گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل رواں سال 16 جنوری کو رینجرز سندھ کے خصوصی اختیارات میں نوے روز کی توسیع دی گئی تھی۔
خبر کا کوڈ : 628241
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش