0
Tuesday 23 May 2017 22:53

حقوق مانگنے پر نہ ملے تو چھین لینگے، وزیراعظم مستعفی ہو جائیں، مراد علی شاہ

حقوق مانگنے پر نہ ملے تو چھین لینگے، وزیراعظم مستعفی ہو جائیں، مراد علی شاہ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد وزیراعظم نواز شریف کے پاس اخلاقی جواز ختم ہو گیا، وہ استعفیٰ دے دیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے پروگرام کل تک میں میزبان جاوید چوہدری سے گفتگو میں کہا کہ وزیراعظم کو سزا ہو چکی، مگر اسے دو ماہ کیلئے معطل کیا گیا ہے، جو جے آئی ٹی کے بعد مؤثر ہوگی، ماضی میں میرے خلاف بھی ایسامقدمہ بنا تھا تو میں نے استعفیٰ دیدیا، باعزت بری ہونے پر پارلیمنٹ میں دوبارہ آیا، وزیراعظم کو کلین چٹ مل جاتی تو اعتراض نہ ہوتا۔ انھوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں ملک بھر میں حکومتیں بنانے کی کوشش کریں گے،دیگر صوبے ہماری کارکردگی کو رول ماڈل بنائیں گے، دیہی سندھ میں سڑکوں پر کام شروع، جبکہ نہروں کی لائننگ کی ہے، نوری آباد پاور پلانٹ سے انور مجید کا کوئی تعلق نہیں، اسی ماہ پیداوار شروع ہو جائے گی۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے ہمارے خلاف دھرنے پہلے کیوں نہیں دیئے، انھیں لگ رہا ہے کہ کراچی ان کے ہاتھ سے نکل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میئر کراچی کام کرنے کیلئے میرے اختیارات بھی لے لیں، مگر مشرف دور والے اختیارات نہیں ملیں گے، وہ نظام تباہ کر رہے ہیں، ان کے ساتھ مل کر شہر صاف کرنے کیلئے تیار ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی میں 15 نشستیں جیتنے کا ہدف ہے، گورنر سندھ محمد زبیر اپنی جماعت کیلئے ووٹ مانگنے لگ گئے تھے، جس پراعتراض کیا، وہ اپنے دائرے میں رہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق سے محاذ آرائی کا شوق نہیں، پانی، بجلی، گیس کے مسائل رہیں گے تو آواز اٹھاتا رہوں گا، حقوق مانگنے پر نہ ملے تو چھین لیں گے۔
خبر کا کوڈ : 639803
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش