0
Thursday 6 Jul 2017 01:14
دوحہ سے کئے جانیوالے 13 مطالبات غیر حقیقی اور کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ہیں، ترک صدر

قطر کا سعودی عرب اور اسکے اتحادیوں کے مطالبات تسلیم کرنے سے انکار

قطر کا سعودی عرب اور اسکے اتحادیوں کے مطالبات تسلیم کرنے سے انکار
اسلام ٹائمز۔ قطر نے سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے مطالبات تسلیم کرنے سے انکار کر دیا، ان ممالک نے فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بائیکاٹ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم پابندیوں میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قطر سے تعمیری مذاکرات پر زور دیا ہے۔ چار عرب ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مصری ہم منصب فتاح السیسی کو فون کرکے تعمیری مذاکرات کرنے پر زور دیا ہے، جس کے بعد 4 عرب ممالک کے وزرائے خارجہ نے قطر پر مزید پابندیوں کا اعلان ملتوی کر دیا۔ مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ہونے والے وزرائے خارجہ اجلاس میں سعودی عرب، مصر، بحرین اور متحدہ عرب امارات کے وزراء شریک ہوئے۔ اس موقع پر جاری ہونے والے اعلامیے میں قطری رویے میں تبدیلی تک قطر کا سفارتی اور اقتصادی بائیکاٹ جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا، تاہم مزید پابندیوں کا فیصلہ ملتوی کر دیا گیا۔ چار عرب ممالک کے وزرائے خارجہ کا کہنا ہے کہ قطر موجودہ بحران کو ختم کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے۔ سعودی عرب، بحرین، متحدہ عرب امارات اور مصر کے وزرائے خارجہ کا مشترکہ بیان میں کہنا ہے کہ قطر نے ان ممالک کے 13 مطالبات کا کوئی تسلی بخش جواب نہیں دیا۔

سعودی وزیر خارجہ کے مطابق قطر کا بائیکاٹ اس وقت تک جاری رہے گا، جب تک وہ اپنی پالیسیاں تبدیل نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ مناسب وقت پر قطر کے خلاف مزید پابندیاں عائد کی جائیں گی، جو بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہوں گی۔ اس سے پہلے قطر نے عرب ملکوں کے مطالبات پر جواب بھجوا دیا تھا، جس کی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں، تاہم قطری وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے مطالبات غیر حقیقی اور ناقابل عمل قرار دیئے تھے۔ دوسری جانب ترکی نے ایک بار پھر قطر کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے عرب ممالک کی قطر کے خلاف پابندیوں پر غصے کا اظہار اور دوحہ حکومت کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ ترک صدر طیب اردوان نے فرانسیسی میڈیا کو انٹرویو میں کہا کہ دوحہ سے کئے جانے والے 13 مطالبات غیر حقیقی ہیں اور کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ہیں۔ عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے قطر کی کریڈٹ ریٹنگ مستحکم سے منفی کر دی ہے۔ موڈیز کا کہنا ہے کہ قطر کا دیگر ملکوں سے تنازع جلد حل ہوتا دکھائی نہیں دیتا اور علاقائی ممالک کے اقدامات سے قطر کی معاشی سرگرمیاں متاثر ہوں گی۔
خبر کا کوڈ : 651153
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش