0
Monday 10 Jul 2017 18:22

لوئر کرم ایجنسی، سکیورٹی فورسز پر یکے بعد دیگرے 3 بم حملے، 2 اہلکار جاں بحق 5 زخمی

لوئر کرم ایجنسی، سکیورٹی فورسز پر یکے بعد دیگرے 3 بم حملے، 2 اہلکار جاں بحق 5 زخمی
اسلام ٹائمز۔ فاٹا کے علاقے لوئر کرم ایجنسی میں پاک افغان سرحد کے قریب سکیورٹی فورسز پر یکے بعد دیگر 3 بم حملوں میں 2 اہلکار جاں بحق جبکہ 5 شدید زخمی ہوگئے۔ زخمی ہونے والے اہلکاروں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق پاک افغان سرحد سے ملحقہ لکہ تگہ چیک پوسٹ کے قریب سکیورٹی فورسز ونگ 111 کی گاڑی پر اُس وقت آئی ڈی دھماکہ ہوا ہے، جب وہ معمول کے مطابق چشمے سے پانی لانے جا رہے تھے، دھماکے کے نتیجے میں نائک اسماعیل آفریدی اور سپاہی حکیم گل شامل شہید ہوگئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکے کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز کی دوسری گاڑی جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیوں کے لئے جا رہی تھی کہ اس دوران راستہ میں نصب دوسرا آئی ای ڈی بم دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجہ میں 4 اہلکار شدید زخمی ہوگئے، جن میں میل نرس ساجد، مطیع اللہ، زمین گل اور گل شہزاد شامل ہیں۔ سرکاری ذرائع نے مزید بتایا کہ مذکورہ علاقہ میں ایک اور آئی ڈی دھماکہ بھی ہوا ہے، جس میں 1 اہلکار زخمی ہوا ہے۔ دھماکوں کے بعد سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، جنہوں نے زخمی اہلکاروں کو صدہ ہسپتال منتقل کیا اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز مہمند ایجنسی میں بھی پاک افغان سرحد کے قریب سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر بم حملہ کیا گیا تھا، جس کے نتیجہ میں ایک اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہوا تھا، جبکہ 8 جولائی کو فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی تھی، جس کے نتیجہ میں 3 اہلکار زخمی ہوئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 652294
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش