0
Monday 18 Apr 2011 10:15

دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی ناکامی امریکا کی ناکامی ہو گی،ڈرون حملے فوجی یا سیاسی حکمت عملی کے حق میں نہیں، وزیراعظم گیلانی

دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی ناکامی امریکا کی ناکامی ہو گی،ڈرون حملے فوجی یا سیاسی حکمت عملی کے حق میں نہیں، وزیراعظم گیلانی
دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی ناکامی امریکا کی ناکامی ہو گی،ڈرون حملے فوجی یا سیاسی حکمت عملی کے حق میں نہیں، وزیراعظم گیلانی

اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اگر پاکستان دہشت گردی کیخلاف کامیاب نہ ہوا تو امریکا ناکام ہو جائیگا، دہشت گردی عالمی چیلنج ہے جس میں پاکستان فرنٹ لائن پر ہے، امریکا کو پتہ چل گیا ہے کہ ہم دہشت گردی کے حل میں اہم کردار رکھتے ہیں، دہشت گردی کی کوئی سرحد یا مذہب نہیں، اس کا مقصد صرف عدم استحکام پیدا کرنا ہے اور یہ غیرملکی ایجنڈے پر کام کرتی ہے، ڈرون حملے نقصان دہ ہیں کیونکہ اس سے دہشت گردوں کو لوگوں کی ہمدردیاں ملتی ہیں، دنیا تسلیم کرتی ہے کہ پاکستان کا ا یٹمی پروگرام مکمل طور پر محفوظ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے روسی ٹی وی کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کیا۔ 
وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے بڑی قربانیاں دی ہیں اور اس میں نہ صرف ہمارے لوگوں کی جانیں ضائع ہوئی ہیں بلکہ معیشت کو بھی سخت نقصان پہنچا ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ امریکا قائل ہو جائیگا کہ پاکستان کا دہشت گردی کے مسئلے کے حل میں اہم کردار ہے اور ہم اس مسئلے کی وجہ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا مل کر یہ جنگ لڑ رہے ہیں اور ہماری مشترکہ کوششیں جاری ہیں، جس کا مطلب یہ ہے کہ اگر پاکستان ناکام ہوا تو امریکا بھی ناکام ہو جائیگا۔ پاکستان میں دہشت گردوں کو کوئی مدد نہیں مل رہی کیونکہ یہ لوگ غیرملکی ایجنڈے پر بیرونی امداد سے کام کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت مقامی قبائل کو دہشت گردوں سے الگ کرنے میں کامیاب رہی ہے اور وہ مرکزی حکومت کی حمایت کر رہے ہیں، لیکن ڈرون حملوں میں بیگناہ لوگوں کے قتل سے ان لوگوں کی ہمدردیاں دہشت گردوں کے ساتھ ہو جاتی ہیں، جس سے نقصان ہوتا ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے فوجی یا سیاسی حکمت عملی کے حق میں نہیں، بلکہ ان سے ہمارا کام مزید مشکل ہو جاتا ہے۔ وزیراعظم نے اس تاثر کو بے بنیاد قرار دیا کہ امریکا کی طرف سے پاکستان کو ملنے والی امداد انتہا پسندوں کے ہاتھ لگ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں، حکومت کو اپنے معاملات پر مکمل کنٹرول ہے، اس قسم کی افواہیں بے بنیاد ہیں اور من گھڑت ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام انتہائی محفوظ ہے اور عالمی سطح پر اس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو تسلیم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس اور پاکستان کے درمیان 1948ء سے اسٹریٹجک تعلقات قائم ہیں، تمام تر نشیب و فراز کے باوجود نائن الیون کے بعد سے دونوں ممالک انتہا پسندی اور دہشت گردی کیخلاف مشترکہ حکمت عملی پر کام کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 66055
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش