0
Tuesday 15 Aug 2017 17:57

کابل میں جشن آزادی کی تقریب، گورنر پختونخوا مہمان خصوصی

کابل میں جشن آزادی کی تقریب، گورنر پختونخوا مہمان خصوصی
اسلام ٹائمز۔ گورنر خیبر پختونخوا انجینئر اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان نہ صرف ہمسایہ اسلامی ممالک ہیں بلکہ دونوں ممالک کے مابین برادرانہ تعلقات ہیں۔ یہ بات انہوں نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں 70 ویں یوم آزادی پاکستان کے موقع پر منعقدہ پرچم کشائی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر گورنر نے پرچم کشائی کی جبکہ افغانستان میں تعینات پاکستان کے سفیر زاہد نصراللہ خان، پاکستانی سفارتخانے کے دیگر عہدیدار اور فوجی حکام بھی موجود تھے۔ گورنر نے کہا کہ گذشتہ 70 سال میں پاکستان نے ہر شعبے بالخصوص تعلیم، دفاع، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں نمایاں ترقی کی اور پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا۔ انجینئر اقبال ظفر جھگڑا نے پاک افغان تعلقات میں بہتری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان پاکستان کا نہایت قریبی اور اہم ہمسایہ ملک ہے۔ تقریب کے شرکاء کو 70ویں یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور عوام نے بے مثال قربانیاں دیں، جس کے باعث ملک میں امن و امان بحال ہوگیا۔ قبل ازیں پاکستانی سفیر زاہد نصراللہ خان نے گورنر اقبال ظفر جھگڑا اور دیگر مہمانوں کا خیر مقدم کیا، جبکہ تقریب میں قومی ترانہ اور ملی نغمے بھی پیش کئے گئے۔
خبر کا کوڈ : 661487
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش