0
Saturday 26 Aug 2017 23:57

کراچی، بلڈرز مافیا نے 50 ارب روپے بٹور لئے، قومی خزانے کو ایک ارب 20 کروڑ کا نقصان، رپورٹ

کراچی، بلڈرز مافیا نے 50 ارب روپے بٹور لئے، قومی خزانے کو ایک ارب 20 کروڑ کا نقصان، رپورٹ
اسلام ٹائمز۔ بلڈرز مافیا نے متعلقہ سرکاری اداروں کے ساتھ ملی بھگت کرکے غیر قانونی طور پر الاٹ کی گئی اراضی، رفاہی اور رہائشی زمین پر کثیرالمنزلہ عمارتوں کی تعمیر کے ذریعے 50 ارب روپے سے زائد غیر قانونی منافع حاصل کیا جبکہ اراضی کا استعمال غیر قانونی طور پر تبدیل کرکے قومی خزانے کو ایک ارب 20 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا۔ محکمہ اینٹی کرپشن نے کراچی کے 20 میں سے 9 ٹاونز میں غیر قانونی تعمیرات، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور بلڈرز مافیا کی ملی بھگت سے شہریوں سے بڑے پیمانے پر دھوکا دہی اور قومی خزانے کو اربوں روپے کے نقصان کے الزامات کے تحت اپنی تحقیقات مکمل کرلی جبکہ دیگر 11 ٹاونز میں غیر قانونی تعمیرات کی رپورٹ زیر تکمیل ہے۔ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کراچی میں بڑے پیمانے پر تعمیرات کی تحقیقات کے دوران محکمہ اینٹی کرپشن کو غیر معمولی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، 20 میں سے 9 ٹاونز میں غیر قانونی تعمیرات کی تحقیقات مکمل کرلی گئی ہیں اور اعلیٰ حکام کو مزید کارروائی کیلئے رپورٹ ارسال کردی گئی ہے جبکہ دیگر 11 ٹاونز کی رپورٹ بھی جلد مکمل کرلی جائے گی۔

تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور دیگر ریگولیٹری اداروں کی جانب سے کثیر المنزلہ عمارتوں میں دکانوں، گوداموں، فلیٹس، رہائشی پلاٹوں پر یونٹس اور پورشنز کی تعمیر، زمین کے استعمال کو تبدیل کرنے، غیر قانونی منزلوں کی تعمیر اور رفاہی پلاٹ پر تعمیرات جیسی غیر معمولی بے قاعدگیاں سامنے آئی ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صرف زمین کے استعمال کو تبدیل کرنے کی فیس کی مد میں سرکاری خزانے کو ایک ارب 20 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا گیا ہے جبکہ بے قاعدگیوں کے ذریعے بلڈرز مافیا نے شہریوں سے غیرقانونی طور پر 50 ارب روپے کا منافع کمایا، 9 ٹاونز کی انکوائریز پر مزید کارروائی کیلئے اعلیٰ حکام کو رپورٹ ارسال کردی۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اینٹی کرپشن کی تحقیقات میں دریافت کی جانے والی بے قاعدگیوں کے نتیجے میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے غیرقانونی طور پر تعمیر کی گئی چند عمارتوں کے خلاف کارروائی بھی کی ہے۔ رپورٹ میں یہ توقع ظاہر کی گئی ہے کہ قوانین کے مطابق اجازت ملنے کے بعد اس سلسلے میں متعدد مقدمات درج کئے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 664516
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش