0
Wednesday 13 Sep 2017 11:25

وزیراعلٰی پختونخوا نے نوارٹس کی پیشکش پر 4 مہلک بیماریوں کے مفت علاج کی اصولی منظوری دیدی

وزیراعلٰی پختونخوا نے نوارٹس کی پیشکش پر 4 مہلک بیماریوں کے مفت علاج کی اصولی منظوری دیدی
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے طبی خدمات کی بین الاقوامی کمپنی نووارٹس کے تعاون سے صوبے کے غریب عوام کو 4 غیر وبائی مہلک امراض کا مفت علاج فراہم کرنے کے مجوزہ پروگرام کی اصولی منظوری دی ہے، اور پروگرام کے اجراء کیلئے کمپنی سے فوری معاہدہ مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے عندیہ دیا ہے کہ اس پروگرام کی کامیابی کی صورت میں مزید خطرناک غیر وبائی امراض کو بھی اس میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ اس ضمن میں گذشتہ روز پرویز خٹک کی صدارت میں وزیراعلٰی ہاؤس پشاور میں نووارٹس کے ساتھ شراکت کے مذکورہ پروگرام کے حوالے سے ایک اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں سنیئر صوبائی وزیر برائے صحت شہرام خان ترکئی، سیکرٹری صحت عابد مجید، اسٹرٹیجک سپورٹ یونٹ کے سربراہ صاحبزادہ سعید اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ 

اجلاس کو محکمہ صحت کے نووارٹس ایکسز پروگرام کے تحت صوبے میں چار غیر وبائی خطرناک امراض کے مفت علاج کی فراہمی کے مجوزہ پروگرام پر بریفنگ دی گئی۔ ان امراض میں بریسٹ کینسر، امراض قلب، ذیابیطس اور ہائیپرٹنشن شامل ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نووارٹس کے تعاون سے کینسر کے فری علاج کا پروگرام شفافیت اور کامیابی سے چل رہا ہے، نووارٹس نے اب مجوزہ چار غیر وبائی امراض کے مفت علاج کی فراہمی کے لئے بھی پیشکش کی ہے۔ یہ پروگرام خالصتاً کم آمدنی والے لوگوں کیلئے شروع کیا جارہا ہے جو عموما مہنگی بیماریوں کا علاج کرانے کے قابل نہیں ہوتے۔ نووارٹس دوائی مفت فراہم کرے گی البتہ صرف خدمات کی فراہمی کے عوض فی خوراک 100 روپے وصول کئے جائیں گے۔ سیکرٹری صحت نے نووارٹس کی پیشکش کو قابل عمل دیکھتے ہوئے صوبے میں اس پروگرام کے اجراء کی تجویز پیش کی اور کہا کہ اس پروگرام کے تحت صوبے کی تقریباً 20 لاکھ مستحق آبادی کو مجوزہ چار بیماریوں کے علاج کی مفت سہولت میسر ہوگی۔ 

وزیراعلٰی نے اس تجویز سے اتفاق کیا اور مجوزہ پروگرام کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ صحت انصاف کارڈ کے بعد غیر وبائی مگر مہلک امراض کے مفت علاج کے لئے حکومت کا یہ دوسرا اہم اقدام ہوگا جس کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے اس پروگرام میں دوسری بیماریوں کا مفت علاج بھی شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے پروگرام کی اہمیت کے پیش نظر غریب عوام کی آسانی کے لئے یہ سہولت ہر ڈویژن کی سطح پر فراہم کرنے کی تجویز سے بھی اتفاق کیا اور کہا کہ صوبائی حکومت اپنے منشور کے تحت غریب عوام کی زندگی کو آسان بنانے اور انہیں صحت و تعلیم سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کے لئے تندہی سے اقدامات کر رہی ہے غریب عوام شروع دن سے حکومت کی توجہ کا مرکز ہیں۔ انہوں نے صحت انصاف کارڈ سکیم کے توسیعی پلان کے مطابق مزید دس لاکھ کارڈز کی تقسیم ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
خبر کا کوڈ : 668705
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش