0
Tuesday 10 Oct 2017 21:40

علامہ حسن ظفر میدان عمل کے سپاہی ہیں، ملت کے گمشدہ افراد کی بازیابی کیلئے جاری تحریک کی حمایت کرتے ہیں، آغا علی رضوی

علامہ حسن ظفر میدان عمل کے سپاہی ہیں، ملت کے گمشدہ افراد کی بازیابی کیلئے جاری تحریک کی حمایت کرتے ہیں، آغا علی رضوی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں مجاہد عالم دین علامہ حسن ظفر نقوی کا ملت جعفریہ کے لاپتہ افراد کی بازیابی کی خاطر احتجاجی گرفتاری پیش کرنا لائق تحسین ہے۔ علامہ حسن ظفر نقوی کا یہ اقدام ملت کے مظلوم طبقے کیساتھ ہمدردی اور حقیقی درد و اخلاص کی علامت ہے۔ ملت تشیع کے سینکڑوں لاپتہ افراد کی عدم بازیابی سے ان کے اہل خانہ شدید اضطراب کا شکار ہیں۔ جبری طور اغوا کر کے لاپتہ کرنا اور اہل خانہ کو ان لاپتہ افراد کے متعلق کوئی معلومات نہ دینا عدل و انصاف کے منافی اقدام ہے۔ بعض اداروں کے اہل کار اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کر رہے ہیں اور اگر اغواء کئے گئے ان افراد سے کوئی جرم سرزد ہوا ہے تو عدالتوں میں پیش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک عرصے سے ملک میں لاقانونیت کا راج ہے اور حکومتوں کو صرف اپنے اقتدار کو طول دینے کے علاوہ مظلوم کی دادرسی سے کوئی سروکار نہیں۔ ایک بزرگ عالم دین کا گمشدہ افراد کی بازیابی کیلئے خود کو گرفتاری کیلئے پیش کرنے کا عمل حکومت کی بدترین کارکردگی کا ثبوت ہے۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ ملت تشیع کے بے گناہ افراد کو بازیاب نہ کرایا گیا تو اس تحریک کو پورے ملک میں پھیلا دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ مجاہد عالم دین علامہ حسن ظفر نقوی میدان عمل کے سپاہی ہیں۔ ملت کے گمشدہ افراد کی بازیابی کیلئے شروع کی جانے والی تحریک کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور یہ تحریک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک گمشدہ نوجوانوں کو بازیاب نہیں کرایا جاتا۔ انہوں نے مقتدر حلقوں سے مطالبہ کیا ہے وہ اس ظلم و ناانصافی کا فوری ازالہ کریں اور لاپتہ نوجوانوں کی بازیابی کو یقینی بنا کر ان کے اہل خانہ کو ذہنی کرب سے نجات دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 675663
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش