0
Friday 24 Nov 2017 21:57

مصر، مسجد پر دہشت گردوں کے حملے میں 235 افراد جاں بحق اور 120 زخمی

مصر، مسجد پر دہشت گردوں کے حملے میں 235 افراد جاں بحق اور 120 زخمی
اسلام ٹائمز۔ عرب افریقی ملک مصر میں مسجد پر دہشت گردوں کے حملے میں 235 افراد جاں بحق اور120 زخمی ہو گئے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مصری حکومت نے حملے پر ملک میں3 دن کے سوگ اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا اعلان کر دیا ہے ۔ عرب ٹی وی کے مطابق شمالی شہر العریش میں مسلح افراد نے مضافاتی قبائلی علاقہ الروضہ کی مسجد پر نماز جمعہ کے دوران حملہ کیا، حملہ آروں نے پہلے مسجد پر دستی بموں سے دھماکے کیے اور بعد میں نمازیوں پر اندھادھند فائرنگ شروع کر دی۔ حملے کے بعد مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے فوج اور سکیورٹی اداروں کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا، جس میں ملک بھر میں3 روز سوگ، صوبہ سینا میں غیر معینہ مدت کے لئے ہنگامی حالت نافذ کرنے اور دہشت گردوں کا سراغ لگانے کے لیے وسیع پیمانے پر آپریشن کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ عربیہ نیوز چینل کے مطابق یہ مسجد صوفی مسلک سے وابستہ افراد کی تھی، جنھیں داعش کی شدت پسندانہ کارروائیوں کا سامنا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شدت پسند اس سے پہلے سینائی کے علاقے میں قبائلیوں اور قبطی مسیحیوں کو بھی نشانہ بنا چکے ہیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق تاحال کسی گروہ نے اس دہشت گردانہ حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم اس علاقے میں انصاربیت المقدس نامی دہشت گرد گروہ سرگرم ہے جس نے دوہزار چودہ میں داعش کی بیعت کی تھی۔ اس گروہ نے اب اپنا نام تبدیل کرکے ولایت سینا رکھ لیا ہے اور یہ دہشت گرد گروہ شمالی سینا میں اب تک بہت سے دہشت گردانہ حملے کرچکا ہے۔ مصرکے صدر عبدالفتاح السیسی نے صوبہ شمالی سینا میں ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے پورے ملک میں تین روز کے عام سوگ کا اعلان کیا ہے۔ العریش کے اسپتالوں میں بھی ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے۔


خبر کا کوڈ : 685480
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش