0
Tuesday 12 Dec 2017 15:34

خیبر پختونخوا اسمبلی میں پہلی بار کرسمس کا تہوار منایا جائیگا

خیبر پختونخوا اسمبلی میں پہلی بار کرسمس کا تہوار منایا جائیگا
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر و ڈپٹی اسپیکر پروفیسر ڈاکٹر مہرتاج روغانی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں پہلی بار کرسمس کا تہوار منایا جارہا ہے اور ایک نئی تاریخ رقم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی تمام حکومتوں نے مسیحی برادری کو اس حق سے محروم رکھا جبکہ پی ٹی آئی کی حکومت نے مذکورہ برادری کو آزادانہ طور پر اسمبلی احاطے میں کرسمس کا تہوار منانے کا حق دیا تاکہ مسیحی برادری سب کے ساتھ مل کر اپنی خوشیوں کو دوبالا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے اقلیتی رہنما جاوید پیارا کے زیر اہتمام کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بشپ ارنسٹ جیکب، پادری جوزف، پادری شہزاد مراد، پادری حشمت کے علاوہ دیگر ہندو اور سکھ برادری کے رہنماء بھی موجود تھے۔ اسپیکر کے پی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر پروفیسر ڈاکٹر مہرتاج روغانی نے کہا کہ اسلام کی تعلیمات میں بھائی چارے کے فروغ اور امن کے قیام کو نہایت اہمیت دی گئی ہے جبکہ حضرت عیسٰی علیہ السلام کی تعلیمات بھی یہی ہے جن پر عمل پیرا ہوکر بھائی چارے اور امن و سلامتی کے قیام میں مدد مل سکتی ہے۔

انہوں نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ متذکرہ برادری نے جس طرح قیام پاکستان میں اپنا ایک کلیدی کردار ادا کیا اور پاکستان بننے کی حمایت کی اسی طرح اب یہ برادری پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں بڑھ چڑھ کر نہ صرف حصہ لیں بلکہ صوبے اور ملک کی ترقی میں اپنی خدمات بھی پیش کریں تاکہ ملک کو مزید مستحکم اور خوشحال بنایا جاسکے۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے اقلیتی رہنماء جاوید پیارا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی میں پہلی بار کرسمس کا تہوار منایا جارہا ہے جس پر مذکورہ برادری تحریک انصاف کی حکومت اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے نہایت مشکور و شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح اس برادری نے پاکستان کیلئے قربانیاں دیں اسی طرح مستقبل میں وہ کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ بعدازاں سب نے مل کر کرسمس کا کیک کاٹا اور پاکستان کی سلامتی کیلئے دعائیں مانگی گئی۔
خبر کا کوڈ : 689490
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش