0
Monday 18 Dec 2017 11:40

کوئٹہ چرچ حملے کیخلاف پشاور کی مسیحی برادری کا احتجاجی مظاہرہ

کوئٹہ چرچ حملے کیخلاف پشاور کی مسیحی برادری کا احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ پشاور کی مسیحی برادری نے کوئٹہ میں چرچ پر دہشت گرد حملے کے خلاف پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کی قیادت ضلعی صدر جسٹسن جیکب کررہے تھے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر حملے کی مذمت اور اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے نعرے درج تھے۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اقلیتی برادری کے صدر جسٹن جیکب کا کہنا تھا کہ دہشت گرد وں نے چرچ پر حملہ کرکے بربریت کی انتہاء کردی، دہشت گردوں نے مسجدوں، تعلیمی اداروں اور گرجا گھروں تک کو نہ چھوڑا، دہشت گرد انسان کہلوانے کے بھی لائق نہیں، یہ وحشی درندے ہیں۔ مظاہرین نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدری کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہماری عبادت گاہوں کی سکیورٹی یقینی بنائی جائے، کوئٹہ دہشت گردانہ حملے میں ملوث ملزمان کو سخت سے سخت دی جائے۔ مظاہرے کے آخر میں شرکاء نے جاں بحق افراد کیلئے دعا بھی کی۔ دوسری جانب کوئٹہ چرچ حملے کے بعد ملک بھر کے گرجا گھروں کی سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔ یاد رہے کہ اتوار کے روز کوئٹہ میں زرغون روڈ پر واقع چرچ پر دہشت گرد حملے میں 2 خواتین سمیت 9 افراد جاں بحق جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 690729
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش