0
Monday 25 Dec 2017 00:23

علامہ اقبال مشرقی اقوام اور بالخصوص ملت اسلامیہ کے نہایت دوربین مفکر تھے، پروفیسر ابوالکلام قاسمی

علامہ اقبال مشرقی اقوام اور بالخصوص ملت اسلامیہ کے نہایت دوربین مفکر تھے، پروفیسر ابوالکلام قاسمی
اسلام ٹائمز۔ علامہ اقبال (رہ) محض ایک فلسفی شاعر ہی نہیں تھے بلکہ مشرقی اقوام اور بالخصوص ملت اسلامیہ کے نہایت دوربین مفکر تھے۔ انہوں نے آج سے تقریباََ سو سال قبل ہندوستان پر مغربی تسلط اور حکمرانی کے نتیجے میں پیدا ہونے والی کساد بازاری، بینک کاری، نئے قسم کی سرمایہ داری کے فروغ پر بارہا اپنے اندیشوں کا اظہار کیا تھا۔ اس کی سب سے بڑی وجہ یہ تھی کہ اپنے ہم عصر شعراء میں اقبال کی رسمی تعلیم سب سے زیادہ تھی۔ ان خیالات کا اظہار علی گڈھ مسلم یونیورسٹی سے تشریف لائے معروف نقاد پروفیسر ابوالکلام قاسمی نے اپنے بصیرت افروز توسیعی خطبے میں کیا۔ شعبۂ اردو لکھنؤ یونیورسٹی کے مسعود حسن رضوی ادیب سیمینار ہال میں ’’علامہ اقبال کی عصری معنویت‘‘ کے عنوان سے منعقد اس توسیعی خطبے میں پروفیسر ابوالکلام قاسمی نے علامہ اقبال کی شاعری اور ان کے فلسفے پر مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقبال کے بنیادی فلسفے اور ان کی شاعری میں مرد کامل کا تصور، عشق، حرکت و عمل اور جلال و جمال کے تصور سے متعلق ان کی فکر کو سمجھے بغیر علامہ اقبال کی عصری معنویت کو سمجھنا آسان نہیں ہے۔

اس توسیعی خطبے کے آغاز سے قبل عرفان احمد علیگ نے علماہ اقبال کی نظم ’’جبرئیل و ابلیس‘‘ اور اس کا انگریزی ترجمہ بے حد خوبصورتی کے ساتھ پیش کیا۔ اپنے صدارتی خطبے میں ڈاکٹر عمار رضوی نے کہا کہ پروفیسر ابوالکلام قاسمی نے اپنے عالمانہ انداز میں اقبال کی شاعری اور نثری افکار پر جس طرح گفتگو کی اس کا احاطہ کرنے کے لئے عصر حاضر کو سمجھنے کی ضرورت کے ساتھ ساتھ اقبال سے بھی پوری واقفیت لازمی ہے اور اپنے زمانے کی صورتحال کے ادراک و شعور پر نگاہ رکھنا بھی ضروری ہے۔ پروفیسر قاسمی نے اپنے اس گراں قدر خطبے میں ان تمام گوشوں کو نہ صرف سمجھنے کا ثبوت دیا بلکہ اپنے انداز کلام اور افہام و تفہیم سے اس موضوع کو پوری دسترس کے ساتھ ایک توسیعی خطبے میں ڈھال دیا۔ ڈاکٹر عباس رضا نیر نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے علامہ اقبال کی شاعرانہ عظمت کے حوالے سے کہا کہ علامہ اقبال (رہ) کی شاعری رسم نہیں رزم ہے۔ خطبے کے اختتام پر طلبہ اور دیگر حاضرین نے سوالات قائم کئے جس کا پروفیسر ابوالکلام قاسمی نے تسلی بخش جواب دیا۔
خبر کا کوڈ : 692240
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش