0
Monday 8 Jan 2018 22:29
امریکہ کی پالیسی مسلم دنیا کو تقسیم کرنیکی سازش ہے

امریکہ کی دوہری پالیسی پر مسلم ممالک کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے، علی شمخانی

امریکہ کی دوہری پالیسی پر مسلم ممالک کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے، علی شمخانی
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی شمخانی نے پاکستانی مشیر قومی سلامتی ناصر خان جنجوعہ سے ملاقات میں امریکہ کی مسلمان مخالف پالیسیوں سے نبرد آزما ہونے کے لئے مسلم ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کی ضرورت پر زور دیا۔ ایران کے "پریس ٹی وی" کی رپورٹ کے مطابق ملاقات میں علی شمخانی نے کہا کہ امریکہ کی بددیانتی پر مبنی، دوہری اور تقسیم کا باعث بننی والی پالیسی پر ایران اور پاکستان سمیت مسلم ممالک کو چوکنا رہنے اور آپس میں تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے امریکہ کی پالیسی کو مسلم دنیا کو تقسیم کرنے کی سازش قرار دیتے ہوئے مسلم ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ علی شمخانی کا کہنا تھا کہ تہران، اسلام آباد کے ساتھ سکیورٹی اور اقتصادی تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے، کیونکہ اس سے کسی کو ایران کے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو نقصان پہنچانے کا موقع نہیں ملے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم چند ممالک کو اس بات کی بالکل اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ہتھیار بھیج کر اور سرحدوں پر بدامنی پیدا کرکے دونوں ممالک کے تعلقات پر اثر انداز ہوں۔ انہوں نے امریکہ کی نئی قومی سلامتی پالیسی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے دنیا میں عدم استحکام کی کوشش قرار دیا۔ دوسری جانب ایرانی وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی نے پاکستانی ہم منصب خرم دستگیر کو ٹیلی فون کرکے خطے میں بڑھتی ہوئی بدامنی پر تبادلہ خیال کیا۔ ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے مستقل مشاورت پر اتفاق بھی کیا گیا۔ ایرانی وزیر دفاع نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کے حالیہ دورہ تہران کو دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات میں اہم موڑ قرار دیا۔ خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک میں غیر ملکی مداخلت کے خلاف مزاحمت کے لئے مسلمانوں کا متحدہ ہونا ضروری ہے۔
خبر کا کوڈ : 695824
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش