0
Sunday 21 Jan 2018 00:27
جماعت اسلامی ہی عوام کو لٹیروں کے چنگل سے نجات دلانے کی صلاحیت رکھتی ہے

2018ء کے الیکشن میں ایم ایم اے ایک بڑی قوت کے طور پر سامنے آئیگی، سراج الحق

مغرب اور امریکہ سیاسی اسلام سے خوفزدہ ہیں اور اسے دہشتگردی کا نام دیکر بدنام کرتے ہیں
2018ء کے الیکشن میں ایم ایم اے ایک بڑی قوت کے طور پر سامنے آئیگی، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمران ٹولہ فیوڈلز کے مفادات کے تحفظ کی سیاست کر رہا ہے۔ ملک میں آئین و قانون سب سے زیادہ پامال حکمران کرتے ہیں۔ سیاست ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کے ہاتھوں یرغمال ہے۔ اربوں خرچ کرکے اسمبلیوں میں پہنچنے والے عوام کے نہیں، اپنے مفادات میں پالیسیاں بناتے ہیں۔ ایم ایم اے ایک جماعت نہیں سیاسی اتحاد ہے۔ ہم سب دینی قوتوں کو متحد کرکے سیاست پر قابض مغربی سامراج کے آلہ کاروں کے مقابلے میں لانا چاہتے ہیں۔ 2018ء کے الیکشن میں ایم ایم اے ایک بڑی قوت کے طور پر سامنے آئے گی۔ عوام چوروں، لٹیروں اور قبضہ مافیا کی بجائے دینی قوتوں کا ساتھ دیں۔ مسلکی بنیادوں پر تقسیم نے دینی قوتوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ ہم سیاست میں شائستگی کے قائل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں مشاورتی کونسل لاہور کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان اظہر اقبال حسن، امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد، ضیاءالدین انصاری ایڈووکیٹ، امیر العظیم و دیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کے نمایاں افراد نے شرکت کی۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ عوام کو بار بار آزمائے ہوئے لوگوں کو مزید آزمانے کی غلطی نہیں کرنی چاہیے، قوم پچھلے 70 سال سے ان سیاستدانوں سے مسلسل دھوکہ کھا رہی ہے، جو اپنے مفادات کے لئے قومی مفادات کا سودا کرتے ہیں، عوام کے مسائل کا اصل سبب یہی لوگ ہیں، جو مختلف پارٹیوں میں گھس کر اور ان کے پرچم اٹھا کر اپنے گناہوں کو چھپانے کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چوروں اور لٹیروں کو چھپنے کا موقع اور پارٹی ٹکٹ دینے والی پارٹیاں ملک کے مستقبل سے کھیل رہی ہیں۔ ملک میں اخلاقی کرپشن کو آزادی اظہار رائے اور نظریاتی کرپشن کو ترقی پسندی کا نام دیدیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اخلاقی اور نظریاتی کرپشن میں ملوث اسٹیٹس کو کی حامی قوتیں دراصل ملک کی بنیادوں سے کھیل رہی ہیں۔ موجودہ اور سابقہ حکمران مالی کرپشن کی دلدل میں ناک تک دھنسے ہوئے ہیں اور اگر کوئی ان کے احتساب کی بات کرتا ہے تو اسے اپنا سب سے بڑا دشمن اور حساب کتاب کو اپنے لئے گالی سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان حکمرانوں نے ہی عوام کو علاقائی مسلکی اور لسانی بنیادوں پر تقسیم کرکے قومی یکجہتی اور اتحاد کو پارا پارا کیا اور تقسیم کرو اور حکومت کرو کے فارمولے پر قوم کو تقسیم کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی قوم کو ان اختلافات سے نکال کر دشمن کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنانا چاہتی ہے، تاکہ خطے میں جاری بھارتی بالادستی کی سازشوں کو ناکام بنایا جاسکے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مغرب اور امریکہ سیاسی اسلام سے خوفزدہ ہے اور اسے دہشتگردی کا نام دے کر بدنام کرتا ہے۔ مغرب اپنے عریاں کلچر کو اسلامی دنیا پر مسلط کرنے کے لئے اربوں ڈالر خرچ کر رہا ہے، جس کی وجہ سے آج ہمارے معصوم بچے بھی محفوظ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران آئین کی بالادستی کی راہ اس لئے روکتے ہیں کہ یہ آئین ملک کو اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی کرپشن فری تحریک نے کرپٹ اور بددیانت لوگوں کو خوف میں مبتلا کر دیا ہے۔ جماعت اسلامی ہی عوام کو ان لٹیروں کے چنگل سے نجات دلانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 698528
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش