0
Sunday 4 Feb 2018 08:24

کمسن بچیوں کیساتھ زیادتی اور قتل جیسی جاہلیت سے مشرق اور مغرب دونوں ہی متاثر ہیں، یوا ین او

کمسن بچیوں کیساتھ زیادتی اور قتل جیسی جاہلیت سے مشرق اور مغرب دونوں ہی متاثر ہیں، یوا ین او
اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ نے پاکستان کے ضلع قصور کی 7 سالہ بچی زینب اور بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں 8 ماہ بچی کے ساتھ زیادتی و قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کواٹرز میں معمول کی بریفنگ کے دوران دنیا بھر میں بچیوں اور خواتین کے ساتھ ہونے والی زیادتی کی روک تھام کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹریز کے ترجمان اسٹیفن ڈرجیرک کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ضلع قصور میں 7 سالہ بچی اور بھارت میں 8 ماہ کی بچی کے ساتھ زیادتی اور قتل کے واقعات دل دہلا دینے والے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان دونوں واقعات پر ہی سب کو غم و غصہ ہے۔ سیکریٹری جنرل کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ بات واضح ہوچکی ہے کہ پوری دنیا میں خواتین اور بچیوں کو تشدد اور زیادتی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، اس قسم کی جاہلیت سے مشرق مغرب دونوں ہی متاثر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لیے حکومتوں کے ساتھ کام کر رہی ہے اور کوشش ہے کہ ہر کمیونٹی تک یہ پیغام پہنچایا جائے کہ وہ خواتین اور بچیوں کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آئیں۔ ترجمان کا کہنا تھا معاشرے میں مرد اور خواتین کے برابر حقوق ہیں اور اقوام متحدہ کا مقصد خواتین کو با اختیار بنانا اور ان کی صحت، تعلیم اور دیگر حقوق کا خیال رکھنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ سب اقدامات اقوام متحدہ کے مختلف پروگراموں کے ذریعے کیے جائیں گے جن میں یو این ویمن، یونیسیف، یو این ایف پی اے اور دیگر پروگرام شامل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 702059
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش