0
Thursday 15 Feb 2018 23:49

عدلیہ اور پاک افواج کیخلاف ہرزہ سرائی ملکی سالمیت کیلئے کھلا خطرہ ہے، ثروت اعجاز قادری

عدلیہ اور پاک افواج کیخلاف ہرزہ سرائی ملکی سالمیت کیلئے کھلا خطرہ ہے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ عدلیہ اور افواج پاکستان کے خلاف کھلی ہرزہ سرائی پاکستان کی سالمیت کیلئے کھلا خطرہ ہے، آئین و قانون کی بالادستی تسلیم نہیں کی گئی، تو ملک میں انتشار اور انارکی پھیلے گی، کرپٹ مافیا قانون سے بچنے کیلئے ملک کے مستقبل سے نہ کھیلے، 30 سال سے سیاست کے نام پر کراچی کی عوام کو غلام بنانے 5 فروری سے اپنے کرتوتوں کے باعث اللہ کی پکڑ میں آنے کے بعد سے پوری قوم کو بیوقوف بناکر اپنی اپنی ڈوبتی ساکھ کو بچانے کیلئے فلاپ ڈراموں کے ذریعے عوام کا وقت برباد کر رہے ہیں، ان ڈراموں کا مقصد صرف ایک سیاسی تنظیم کے ہاتھوں اپنی چار نشستوں کا سودا کرنا ہے، جس کی رقم پہلے ہی وصول کی جا چکی ہے، پاکستان سنی تحریک پر بعض علاقوں میں غیر اعلانیہ دفاتر کھولنے پر پابندی کا نوٹس لیا جائے، 2018ء کے عام انتخابات میں پاکستان سنی تحریک ملک بھر سے اُمیدوار کھڑے کریگی، اسمبلیوں میں اہلسنت کی نمائندگی چاہتے ہیں اور انشاء اللہ اس میں ہم ضرور کامیاب ہونگے، آزاد کشمیر کی دستور ساز اسمبلی میں قادیانیوں کو آئینی طور پر غیر مسلم اقلیت قرار دینے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں اور آزاد کشمیر کے تمام ممبران اسمبلی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سندھ کے صدر نور احمد قاسمی، بلوچستان کے صدر نور احمد قاسمی، خیبر پختونخوا کے صدر انعام اللہ قادری، مرکزی رابطہ کمیٹی کے ارکان محمد مبین قادری، فہیم الدین شیخ، محمد شہزاد قادری، محمد طیب قادری، محمد آفتاب قادری و دیگر موجود تھے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ بعض علاقوں میں اہم اپنے سیاسی دفاتر نہیں کھول سکتے، ایسا لگتا ہے ہم پر خاموش پابندی لگائی گئی ہے، ایسا لگتا ہے ہماری سیاسی آزادی کو سلب کیا جا رہا ہے، ہمارے اسلاف نے ملک بنایا اور ہمارے قائدین نے ملک کی سلامتی، دہشتگردی کے خاتمے اور امن کے پرچم کو بلند کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، ہم اپنے قائدین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جدوجہد کرتے رہینگے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں چائنہ کٹنگ کرنے والے نام نہاد عوام کے نمائندے سرمایہ دار بن گئے، کچھ تنظیم چھوڑ گئے تو کچھ ملک سے فرار ہوگئے، اب عوام کو سمجھ آگیا کہ انہوں نے 30 برسوں میں کیا کھویا اور کیا پایا ہے، مگر پاکستان سنی تحریک عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ضرورت پڑی تو جلد کراچی کے مسائل پر احتجاجی تحریک چلائی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پے درپے دہشتگردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں، دہشتگرد ایف سی اہلکاروں، پولیس اور سرکاری اسپتالوں کو خودکش حملے، بم دھماکوں اور فائرنگ سے دہشتگردی کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں نے مضبوظ کمیں گاہ بنائی ہوئی تھی، جو دہشتگردی کرکے بیرونی آقاؤں کے فارمولے پر عمل کرتے تھے، جس کو پاک فوج نے ختم کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سلامتی کیلئے شہید ہونیوالے پاک فوج کے جوانوں، ایف سی اور پولیس اہلکاروں اور شہریوں سلام پیش کرتے ہیں، یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی انشاء اللہ بلوچستان سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہوگا، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشتگردی کی نئی لہر کے پیچھے جو قوتیں ملوث ہیں، ان کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 705093
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش