0
Monday 5 Mar 2018 23:01

حکمران ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگا کر کرپشن جیسے گھناؤنے جرم چھپا نہیں سکتے، ثروت اعجاز قادری

حکمران ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگا کر کرپشن جیسے گھناؤنے جرم چھپا نہیں سکتے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ عوام کے ووٹ کا تقدس پامال کرنے والوں نے ٹکراؤ کی سیاست اور اداروں کے مخالف کام کیا ہے، حکمران ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگا کر کرپشن جیسے گھناؤنے جرم چھپا نہیں سکتے، عوام باشعورر ہو چکے ہیں، حقائق جانتے ہیں، سینیٹ الیکشن میں نوٹوں کی خوشبو شامل ہے، الیکشن کمیشن سینیٹ انتخابات میں بولیاں لگانے والوں کے خلاف کاروائی میں ناکام رہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر ٹنڈوالہیار سے آئے ہوئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ سینیٹ الیکشن کے  حیران کن نتائج ثابت کر رہے ہیں کہ نوٹوں کی بوریوں کے منہ کھولے گئے ہیں، عوام اب فیصلہ کن معرکہ 2018ء کے عام انتخابات میں لگائیں گے، عوام کے حقوق غصب کرنے، اقرباء پروری اور عوام کے مسائل سے منہ موڑنے والوں کا محاسبہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام اپنے ووٹ کی طاقت جانتے ہیں، مگر باربار اقتدار کی باریاں لینے والوں نے جھوٹے وعدے اور جھانسے دیکر ووٹ لئے، اس بار وہ کامیاب نہیں ہونگے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ کرپشن، لوٹ کھسوٹ اور اقرباء پروری کی سیاست نے ملک کو کھوکھلا کر دیا ہے، ایک دسرے کو چور چور کہنے کی سیاست کرنیوالے چوروں کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں، تبدیلی کھوکھلے نعروں سے نہیں بلکہ عملی جدوجہد اور عوامی مسائل حل کرنے سے آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ناانصافی، جانب داری اور کرپشن کی دیواروں پر کھڑی حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم نہیں کیا، حکومتی بلند بانگ ترقیاتی کاموں کے باوجود کروڑوں مظلوم عوام غربت کی سطح سے نیچے کی زندگی بسر کر رہے ہیں، عدم انصاف، کرپشن مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ غریبوں کو حقوق اور روزگار مہیا کرکے ہی دہشتگردی کو سیاسی طور پر کمزور کیا جا سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 709302
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش