0
Saturday 10 Mar 2018 10:53

بلوچستان کے ینگ ڈاکٹرز کے مطالبات فوری تسلیم کئے جائیں، حاجی لشکری رئیسانی

بلوچستان کے ینگ ڈاکٹرز کے مطالبات فوری تسلیم کئے جائیں، حاجی لشکری رئیسانی
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزادہ میر حاجی لشکری رئیسانی، جمعیت نظریاتی کے صوبائی امیر مولانا عبدالقادر لونی سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور پیرا میڈیکس کی حمایت کرتے ہوئے حکومت سے فوری جائز مطالبات منظور کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور آل پاکستان پیرا میڈیکل اسٹاف فیڈریشن کی جانب سے مطالبات کے حق میں قائم احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما نوابزادہ میر حاجی لشکری رئیسانی نے احتجاج کرنے والے ڈاکٹرز اور طبی عملہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں شعبہ طب کی حالت زار انتہائی تشویشناک ہے۔ صوبائی درالحکومت کے ہسپتالوں میں مریضوں کو ادویات تک میسر نہیں۔ ڈاکٹروں اور طبی عملہ کی کمی کے باعث مریض ہفتوں معمولی نوعیت کے آپریشن کیلئے ایڑیاں رگڑنے پر مجبور ہیں۔ عوام کو صحت اور تعلیم کی سہولیات کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے۔ ریاست اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرے۔ حکومت اپنے ہی صوبائی وزیر صحت کی سربراہی میں قائم کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد سے انکار کر رہی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صوبائی حکومت کے پاس سرکاری ملازمین، طلباء اور عام لوگوں کے مسائل سننے کیلئے وقت نہیں ہے۔ بلوچستان نیشنل پارٹی ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس اسٹاف کے جائز مطالبات کے لئے جاری احتجاجی تحریک میں انکا بھرپور ساتھ دے گی۔ انہوں نے حکومت سے فوری طور پر ہڑتالی ڈاکٹروں کے مسائل کے حل کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 710272
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش