0
Tuesday 20 Mar 2018 16:38

شہباز شریف کا تینوں بڑوں کے مل بیٹھنے کا بیان آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترداف ہے، خورشید شاہ

شہباز شریف کا تینوں بڑوں کے مل بیٹھنے کا بیان آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترداف ہے، خورشید شاہ
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کا تینوں بڑوں کے مل بیٹھنے کا بیان آئی واش ہے، جبکہ تحریک انصاف اور (ن) لیگ دونوں کا منشور سیاست کو بدنام کرنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ شہباز شریف کا تینوں بڑوں کے مل بیٹھنے کا بیان آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترداف ہے، شہباز شریف پہلے اپنی پارٹی میں تو اداروں سے ٹکراؤ ختم کرائیں، (ن) لیگ گالی گلوچ اور بدزبانی پر اتر آئی ہے، جبکہ پی ٹی آئی اور (ن) لیگ دونوں کا منشور سیاست کو بدنام کرنا ہے، عمران خان کا منشور ہے کہ صرف عزت اچھالو اور بے عزت کرو۔ خورشید شاہ نے بلین ٹری دعوؤں کو جعلسازی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے سندھ میں ایک دن کی شجرکاری کا ورلڈ ریکارڈ بنایا، گینز بک کی ٹیم آئی اور اس نے ورلڈ ریکارڈ مانا، لگتا ہے عمران نے ایک ارب درخت زمین پر نہیں ہوا میں لگائے، ایک ارب درخت گینز بک والوں کو کیوں نظر نہیں آئے۔

چوہدری نثار کی جانب سے نواز شریف پر تنقید سے متعلق سوال کے جواب میں خورشید شاہ نے کہا کہ کسی لیڈر کے ساتھ ایک دن بھی گزار لیا جائے، تو اسے ایسے نہیں کہنا چاہیے، سب سے بددیانت آدمی تو وہ ہے، جس نے خود فرعون کے ساتھ وقت گزارا، چوہدری نثار تو نواز شریف کی وزارت کا حصہ بھی رہے، 2014ء میں میرا جمہوریت بچانے میں کردار بھی چوہدری نثارکو برا لگا، کچھ لفظوں کی تمیز ہوتی ہے، دیکھنا ہے (ن) لیگ کیا ایکشن لیتی ہے، جبکہ چوہدری نثار چاہتے ہیں کہ نواز شریف اسے خود نکال دیں، میں ہمیشہ کہتا تھا کہ میاں صاحب سنبھل جاؤ، اب نواز شریف کو سمجھ آگئی ہو گی کہ اپوزیشن لیڈر کیوں یہ کہتا تھا۔ خورشید شاہ کا مزید کہنا تھا کہ سینیٹ میں پی ٹی آئی کا اپوزیشن لیڈر کا دعویٰ کرنا ہی غیر جمہوری ہے، پوری کوشش ہے نگران وزیراعظم کا مسئلہ پارلیمنٹ میں طے ہو جائے، نگران وزیراعظم کیلئے وزیراعظم نے نام دیئے نہ میں نے دیئے، اپوزیشن کے سیاستدان جلسوں کی بجائے براہ راست مجھے نام دیں، جلسوں میں نام دینے سے شخصیت متنازعہ ہو کر پیچھے ہٹ جاتی ہے اور 30 مئی سے پہلے نگران وزیراعظم کا نام فائنل کرنا ہے۔
خبر کا کوڈ : 712797
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش