0
Tuesday 27 Mar 2018 20:00

لاہور، تحریک لبیک نے 7 اپریل کو مینار پاکستان گراؤنڈ میں انٹرنیشنل ختم نبوت کانفرنس کرانے کا اعلان کر دیا

لاہور، تحریک لبیک نے 7 اپریل کو مینار پاکستان گراؤنڈ میں انٹرنیشنل ختم نبوت کانفرنس کرانے کا اعلان کر دیا
اسلام ٹائمز۔ تحریک لبیک یا رسول اللہ (ص) کے سربراہ علامہ اشرف آصف جلالی نے مینار پاکستان گراؤنڈ (گریٹر اقبال پارک) کا دورہ کیا اور سات اپریل کو یہاں ہونیوالی انٹرنیشنل ختم نبوت کانفرنس کے حوالے سے پنڈال بنانے اور جلسہ گاہ کیلئے جگہ کا معائنہ کیا۔ گریٹر اقبال پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ اشرف آصف جلالی کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت بحرانوں میں گھرا ہوا ہے، جھوٹے اور مکار لوگ اقتدار پر قابض ہیں، جس کی وجہ سے ملک میں مسائل ہیں، ان مسائل کا واحد حل نظام مصطفٰی کا نفاذ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سات اپریل کو مینار پاکستان کے سائے تلے نبی (ص) کے دیوانے اور داتا کے پروانے جوق در جوق شرکت کرکے حکمرانوں کو وارننگ دیں گے کہ وہ اپنے کئے گئے وعدوں کو پورا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہاں یہ کانفرنس نظام مصطفٰی (ص) کی حکمرانی کیلئے کروا رہے ہیں، ملک بھر سے قافلے مینارپاکستان گراؤنڈ پہنچیں گے۔

علامہ آصف اشرف جلالی کا کہنا تھا کہ ہم عاشقان رسول ہیں، ہم حرمت نبی (ص) کے دیوانے ہیں، ہم ہی پاکستان بنانے والے اور اس کی حفاظت کرنیوالے ہیں، ہم نے دہشتگردی کیخلاف فتوے دیئے، ہم نے ہمیشہ قومی اداروں کا ساتھ دیا، ہم نے فوج کو احترام دیا، ہم وہ نہیں جنہوں نے فوجیوں کے سروں سے فٹبال کھیلے، جنہوں نے ملک کا امن داؤ پر لگایا، جنہوں نے قتل و غارت کا بازار گرم کیا، جنہوں نے فرقہ واریت کی آڑ میں خون کے دریا بہا دیئے، ہم پاکستان بنانے اور اس کو بچانے والے ہیں، ہم عاشقان مصطفٰی ہیں، ہم حرمت رسول (ص) کے حقیقی محافظ ہیں۔ اشرف جلالی کا کہنا تھا کہ انشاءاللہ داتا کے دیوانے 7 اپریل کو لاہور میں جمع ہوں گے،اگر حکومت نے نبی (ص) کے دیوانوں کو روکنے کی کوشش کی تو عاشقان مصطفٰی کا سمندر حکومت کے تخت کو بہا لے جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 714194
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش