0
Thursday 12 Apr 2018 10:54

شہباز شریف سوچ رہے ہیں وہ کے پی کے میں بھی پیسے بنا سکتے ہیں، عمران خان

شہباز شریف سوچ رہے ہیں وہ کے پی کے میں بھی پیسے بنا سکتے ہیں، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ فاٹا اصلاحات پر عمل درآمد ہو جانا چاہیئے تھا مگر اب تک نہیں ہوا۔ پشاور میں فاٹا ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اقتدار میں آکر قبائلی علاقوں کو خیبر پختونخوا میں ضم کریں گے اور فوری طور پر کوشش کریں گے کہ صوبائی اسمبلی میں قبائلی علاقوں کی نمائندگی ہو، جبکہ قبائلی علاقوں میں 3 سے 5 ماہ میں بلدیاتی انتخابات کرائیں گے اور پرمٹ سسٹم کا خاتمہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بارودی سرنگوں سے بہت نقصان ہوتا ہے، اسی لئے وہ بھی صاف کی جائیں گی اور چیک پوسٹیں بھی کم کی جائیں گی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا قبائلی علاقوں کے کئی گھرانوں کے لوگ غائب ہیں اور ان کے ماں باپ پریشان ہیں، انہیں بازیاب کرایا جائے۔ عمران خان نے کہا کہ آرمی چیف جنرل جاوید باجوہ سے ملاقات کرکے قبائلی علاقوں کے مسائل سے آگاہ کروں گا اور ان سے لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے اپیل کروں گا۔ انہوں نے شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کی بنائی گئی میٹرو خسارے میں چل رہی ہے، پشاور کی میٹرو پر کوئی سبسڈی نہیں ہوگی، شہباز شریف سوچ رہے ہیں وہ خیبر پختونخوا میں بھی پیسے بنا سکتے ہیں، نواز اور شہباز شریف نے جتنا قرضہ لیا ہے پورے پاکستان کی تاریخ میں کسی نے نہیں لیا۔ ورکرز کنونشن کے موقع پر ایک صحافی نے عمران خان سے (ن) لیگ کے قائد سے متعلق سوال کیا جس پر انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو بند گلی کی طرف نہیں بلکہ اڈیالہ جیل کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ عام انتخابات کے بعد ان کی پارٹی کارکردگی کی بنیاد پر چاروں صوبوں میں حکومت بنائے گی۔ بعدازاں پشاور میں قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پختون تحفظ موومنٹ کے قائد منظور پشتین کے بیشتر مطالبات جائز ہیں اور قبائلی عوام کو فاٹا میں چیک پوسٹوں پر شدید تحفظات ہیں۔
خبر کا کوڈ : 717375
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش