0
Tuesday 8 May 2018 10:58

بلوچستان عوامی پارٹی کی پرچم کشائی کی تقریب میں میر عبدالقدوس بزنجو کی شرکت

بلوچستان عوامی پارٹی کی پرچم کشائی کی تقریب میں میر عبدالقدوس بزنجو کی شرکت
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی صوبے کے مسائل کے حل کو یقینی بنانے کے لئے اپنے فیصلے خود کرکے اسے ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی اور وفاق سے اپنا حق لیکر بلوچستان کی تعمیر و ترقی کو یقینی بنائے گی، بجٹ عوام دوست ہو گا، وفاق کی جانب سے 5 ہزار ارب کے بجٹ میں ہمارا حصہ ایک ہزار ارب روپے بنتا تھا، تاہم ہمارے لئے 3 سو ارب مختص کئے گئے ہیں، جو استعمال نہیں ہو پاتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی کے دفتر میں پرچم کشائی کی تقریب کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم طاہر محمود خان، پرنس علی احمد بلوچ، مشیر خزانہ ڈاکٹر رقیہ سعید ہاشمی، رکن صوبائی اسمبلی حاجی محمد خان لہڑی، ملک خدا بخش لانگو، میر محمد اسماعیل لہڑی، چوہدری شبیر احمد، رکن قومی اسمبلی دوستین خان ڈومکی، امان اللہ نوتیزئی، جاوید احمد، میر ظفر قمبرانی، بسنت لعل گلشن سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ وزیراعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی بنانے کا مقصد بلوچستان کو ملک گیر پارٹیوں کی جانب سے مسلسل نظر انداز کرکے صوبہ کی پسماندگی کی جانب دھکیلنے کی وجہ سے پارٹی قائم کی گئی ہے، تاکہ ہم اپنے فیصلے خود کرکے صوبہ کی بہتری کے لئے کردار ادا کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے وفاق سے اپنا حق لیکر عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں۔ ہر دور میں بلوچستان کو نظرانداز کیا گیا۔ موجودہ وفاقی حکومت بھی ہمیں نظر انداز کر رہی ہے۔ وفاقی حکومت گذشتہ تین سال سے این ایف سی ایوارڈ نہیں دے رہی، کیونکہ صوبوں کو حصہ زیادہ ملے گا۔ سی پیک کے حوالے سے بھی ہمیں نظر انداز کیا گیا، کیونکہ سی پیک کے لئے بلوچستان میں کوئی منصوبہ نہیں بنایا گیا۔ حالانکہ سی پیک کے میگا منصوبوں میں 50 فیصد وفاق اور 50 فیصد صوبوں نے اس میں خرچ کرنا ہے لیکن پنجاب کے ساتھ وفاق نے تعاون کیا، ہمارے ساتھ کوئی تعاون نہیں کیا گیا۔ نہ ہی ہمیں فنڈز دیئے گئے ہیں۔ صوبہ میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے، جہاں سالانہ پانچ یا چھ سو لوگوں کو موت کے گھاٹ اتارا جاتا تھا، آج وہاں سکیورٹی فورسز کی جانب سے امن کی بحالی کو یقینی بنایا گیا ہے، جو اچھا اقدام ہے۔ منظور پشتین قوم کو تباہی کی جانب لے جارہا ہے، انہیں سوچنا ہوگا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں، ہم خون خرابے سے جان چھڑانا چاہتے ہیں۔

وزیراعلٰی بلوچستان کا کہنا تھا کہ بیس سال سے قتل و غارت گری کا سلسلہ جاری ہے، جس سے معیشت اور زندگی تباہی کی جانب بڑھ رہی تھی۔ منظور پشتین قوم کو بند گلی میں لے جاکر تباہی کی جانب دھکیل رہا ہے، انہیں بہتری کی جانب آنا ہوگا۔ وانا اور قبائلی علاقوں میں پاک فوج کے جنرل سمیت ہر اہلکار نے قربانیاں دیکر امن بحال کیا ہے، جس کی بدولت پشتون قوم 20 سال بعد حالت جنگ سے نکلی ہے۔ تعصب کی فضاء کو ختم کرنا ہوگا، یہ ہمارے اور ملک کے لئے بہتر ہے۔ ہم بجٹ میں تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی، یوتھ سمیت دیگر شعبوں کی بہتری کے لئے بہت وسائل فراہم کر رہے ہیں۔ یہ عوام دوست بجٹ ہوگا اور عوام اسے ہمیشہ یاد رکھے گی۔ ہم اس بجٹ کو عوامی بجٹ کہہ سکتے ہیں۔ کوئٹہ پیکج دو سال سے رکا ہوا تھا، ہم نے اس کا افتتاح کرکے اس پر کام آغاز کر دیا ہے۔ کوئٹہ میں فلائی اوور اور دیگر سڑکوں کو چوڑا کرکے ٹریفک کے مسئلہ کو حل کر رہے ہیں۔ ہم نے ہمیشہ عدلیہ کے فیصلوں کا احترام کیا ہے لیکن عوامی مسائل کے حل کے لئے احترام کرتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں اور سپریم کورٹ آف پاکستان سے رجوع کر رہے ہیں۔

بلوچستان عوامی پارٹی صوبہ کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی اور اس کے تمام اضلاع میں دفاتر اور کوئٹہ میں مرکزی دفتر بھی بہت جلد قائم کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ گوادر کے نام پر تمام سیاسی پارٹیاں سیاست کرتی ہیں، مسلم لیگ (ن) سمیت دیگر پارٹیوں نے بھی کوئی کام نہیں کیا، ہم نے گوادر کے لوگوں کو پانی فراہم کرنے کے لئے چین اور ایف ڈبلیو او سے معاہدے کئے ہیں، تاکہ لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ڈھائی ارب روپے پانی کی مد میں دیئے ہیں اور ابھی پھر 50 کروڑ روپے ریلیز کئے ہیں۔ چین کے ساتھ معاہدے میں 3 لاکھ گیلن روزانہ پانی ملے گا۔ ہماری کوشش ہے کہ رمضان المبارک میں لوگوں کو پانی ملے اور 20 لاکھ گیلن روزانہ کے حساب سے پانی دیں گے۔ بلوچستان کے لوگ صوبہ کو چلانے کی اہلیت رکھتے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں موقع اور پلیٹ فارم دیا جائے، وہ پلیٹ فارم بلوچستان عوامی پارٹی نے فراہم کر دیا ہے۔ عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ یہ پارٹی صوبہ کے لوگوں کی حقیقی ترجمان ہوگی اور عوام کی امنگوں پر پورا اترے گی، اسی لئے ہم اس پارٹی کے پلیٹ فارم سے صوبہ کی ترقی کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں، تاکہ ہم اپنے فیصلے خود کرکے وفاق سے اپنا حصہ لا سکیں۔ آج پارٹی میں تعصب سے بالاتر ہو کر ہر قوم، قبیلے اور مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ شامل ہیں، ہماری کوشش ہے کہ تمام لوگوں کو ساتھ لیکر آگے بڑھیں۔
صحافی : اعجاز علی اعجاز
خبر کا کوڈ : 723027
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش