0
Tuesday 8 May 2018 22:19

مٹھی بھر عناصر نوجوان نسل کے ذہنوں پر اثرانداز ہو کر انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، جنرل قمر جاوید باجوہ

مٹھی بھر عناصر نوجوان نسل کے ذہنوں پر اثرانداز ہو کر انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، جنرل قمر جاوید باجوہ
اسلام ٹائمز۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ چند عناصر نوجوان نسل کے ذہنوں پر اثرانداز ہو کر انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، آئینی ذمے داریاں پوری کرتے ہوئے پاک فوج ملک کا دفاع کرے گی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے اعلامیے کے مطابق آرمی چیف نے کوئٹہ میں مختلف یونیورسٹیوں کے طلباء سے ملاقات کی۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج بلوچستان میں تعلیم، صحت، بجلی اور پانی فراہمی کے حکومتی اقدامات کی حمایت کرتی ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ بلوچستان کسی مخصوص کوٹے یا پیکج کی مرہون منت ہو۔ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کو مسترد کردیا، مسلح افواج اور عوام کی قربانیوں کے باعث ملک میں دیرپا امن قائم ہوا۔ انہوں نے کہا کہ چند عناصر نوجوان نسل کے ذہنوں پر اثر انداز ہوکر انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ آئینی ذمے داریاں پوری کرتے ہوئے پاک فوج ملک کا دفاع کرے گی، آئین کی حدود میں رہتے ہوئے قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانا سب کی ذمے داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل محنت اور کردار سازی سے ملکی ترقی میں کردار ادا کرے۔ اپنے دورہ بلوچستان کے دوران آرمی چیف نے پاک افغان سرحد پر آہنی باڑ کی تنصیب کے کام کا افتتاح بھی کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 270 کلو میٹر طویل آہنی باڑ کی تنصیب کا کام ضلع کوئٹہ کے سرحدی علاقے پنج پائی میں شروع کیا گیا ہے۔ باڑ لگانے کے حوالے سے سرحدی علاقے پنچپائی میں تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیر اعلٰی عبدالقدوس بزنجو، وزیر داخلہ سرفراز بگٹی اور علاقائی قبائلی عمائدین نے بھی شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف نے باڑ کی تنصیب کی مکمل حمایت، تعاون اور سکیورٹی کو یقینی بنانے میں مدد پر قبائلی رہنماؤں اور مقامی افراد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ باڑ کی تنصیب سے دہشت گردوں کی نقل و حرکت روکی جا سکے گی۔ آرمی چیف نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ دو طرفہ معاشی تعاون اور سرحد پر قانونی نقل و حرکت کو آسان بنانےخصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق قانونی نقل وحرکت کے لیے مخصوص کراسنگ پوائنٹس رکھےگئے ہیں۔ دوسری جانب آرمی چیف نے کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ کا بھی افتتاح کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ پروجیکٹ گزشتہ پانچ سال سے رکا ہوا تھا، اس سے کوئٹہ مزید محفوظ ہوگا۔ اعلامیے میں بتایا گیا کہ سیف سٹی پروجیکٹ سے کوئٹہ میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئے گی۔ اس موقع پر وزیراعلٰی بلوچستان نے خوشحال بلوچستان کیلئے مل کر کام کرنے پر پاک فوج اور ایف سی کاشکریہ ادا کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ ہر کوئی آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے قانون کی پاسداری یقینی بنائے۔ دوسری جانب آرمی چیف نے کوئٹہ میں نسٹ کے کیمپس کا سنگ بنیاد رکھا جس پر دو ارب 63 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔

 
خبر کا کوڈ : 723214
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش