0
Thursday 24 May 2018 13:57

وفاقی جماعتوں نے ہمیشہ بلوچستان کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا، میر سرفراز بگٹی

وفاقی جماعتوں نے ہمیشہ بلوچستان کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا، میر سرفراز بگٹی
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیئر نائب صدر میر سرفراز خان بگٹی نے کہا ہے کہ ملک میں موجود وفاقی سیاسی جماعتوں نے ہمیشہ بلوچستان کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کیا، جبکہ عملی طور پر بلوچستان کو ترقی کے دھارے میں لانے کے لئے قابل عمل ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔ بلوچستان دیگر صوبوں کی نسبت ترقی نہیں کرسکا اور اہلیان بلوچستان احساس محرومیوں کا شکار ہوتے چلے گئے۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے قیام کا مقصد بلوچستان کے فیصلے بلوچستان میں ہی کرنا ہے۔ الحمدللہ اب ہم اپنے فیصلے خود کرنے کا اختیار رکھتے ہیں۔ بلوچستان کے حقوق کا تحفظ اور دیگر صوبوں کے مساوی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ میر سرفراز خان بگٹی نے کہا کہ وفاقی سیاسی جماعتوں میں رہنے کا تجربہ خوشگوار نہیں رہا۔ بلوچستان ان کی ترجیحات میں شامل نہیں ہے، بلکہ بلوچستان پر سیاست کرکے یہ اپنے مقاصد کی تکمیل کرتے ہیں۔

بلوچستان کو قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے تمام تر دعوے زبانی کلامی جمع خرچ کے علاوہ کچھ نہیں ہیں۔ وفاقی پی ایس ڈی پی کے مجموعی حجم پانچ ہزار ارب روپے میں بلوچستان کا شیئر ساڑھے تین سو ارب روپے دیا جاتا ہے، جس میں بیشتر رقم جاری ترقیاتی منصوبوں یعنی آن گوئنگ اسکیمات کی نظر ہو جاتی ہے۔ ترقیاتی فنڈز میں بلوچستان کے شیئر کا تناسب یہی رہا تو بلوچستان آئندہ کئی دہائیوں تک دیگر صوبوں کے مساوی ترقی نہیں کرسکے گا۔ وفاقی ترقیاتی پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کا شیئر ساڑھے تین سو ارب روپے سے بڑھا کر کم از کم ایک ہزار ارب روپے کرنے کی ضرورت ہے۔ بلوچستان عوامی پارٹی ایک جامع پروگرام اور روشن ویژن رکھتی ہے اور بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے ہم نے اپنی سمت کا تعین کر لیا ہے۔ عوام کے بھرپور تعاون اور حمایت سے بلوچستان کو وفاق کا ایک ترقی یافتہ صوبہ بنائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 727044
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش