0
Monday 16 Jul 2018 17:24

میں نے کبھی نہیں کہا ہارون بلور کے قتل میں اپنے ہی لوگ ملوث ہیں بلکہ طالبان ملوث ہیں، غلام احمد بلور

میں نے کبھی نہیں کہا ہارون بلور کے قتل میں اپنے ہی لوگ ملوث ہیں بلکہ طالبان ملوث ہیں، غلام احمد بلور
اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما غلام احمد بلور نے اپنے ہی بیان کی تردید کر دی اور کہا کہ ان کے بھیتجے کے قتل میں طالبان ملوث ہیں۔ واضح رہے کہ پشاور کے علاقے یکہ توت میں اے این پی کی انتخابی مہم کے دوران بم دھماکے سے صوبائی اسمبلی کے امیدوار اور بشیر بلور کے صاحبزادے ہارون بلور سمیت 22 افراد جاں بحق اور 48 سے زائد زخمی ہونے کے واقعے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے قبول کی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق غلام احمد بلور کی جانب سے دعویٰ سامنے آیا تھا کہ میرے بھتیجے کے قتل میں طالبان نہیں بلکہ ہمارے اپنے ہی لوگ ملوث ہیں جنہوں نے اس واقعے سے فائدہ اٹھایا۔ خیال رہے کہ غلام احمد بلور خودکش حملے میں جاں بحق ہونے والے ہارون بلور کے چچا ہیں اور انہوں نے یہ بات ایک نجی چینل کے صحافی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی تھی۔ بعد ازاں بلور ہاؤس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے 78 سالہ سینئر سیاستدان غلام احمد بلور نے واضح کیا کہ انہوں نے کبھی نہیں کہا کہ حملے میں اپنے ہی لوگ ملوث ہیں، تاہم غلام احمد بلور نے حملے سے براہ راست فائدہ اٹھانے والوں سے متعلق کوئی رائے نہیں دی۔

غلام احمد بلور نے مزید کہا کہ وہ پارٹی کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ موجودہ سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ہم دہشت گردی کی سخت مذمت کرتے ہیں تاہم انتخابی مہم جاری رکھنے کا عزم رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات ناقابل فہم ہے کہ ہماری پارٹی کے رہنماؤں اور ورکرز کو کیوں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ غلام احمد بلور کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کی ہدایت پر حکومت نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کی سکیورٹی واپس لے لی جبکہ ہارون بلور کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی تھیں۔ اس حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ ہارون بلور کے اہلخانہ مشترکہ مشاورت کے بعد اگلا لائحہ عمل بنائیں گے جبکہ مرحوم کی بیوہ کو حلقہ 78 میں انتخابات لڑنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 738185
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش