0
Sunday 22 Jul 2018 01:01

ایفی ڈرین کیس میں حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی

ایفی ڈرین کیس میں حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی
اسلام ٹائمز۔ انسداد منشیات کی عدالت نے ایفی ڈرین کوٹا کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا سنا دی جس پر انہیں کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا، حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ فیصلے پر کوئی شرمندگی نہیں، خوشی سے جیل جا رہا ہوں فیصلہ ہائی کورٹ میں چیلنج کروں گا۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی انسداد منشیات عدالت کے جج سردار محمد اکرم خان نے ایفی ڈرین کوٹا کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے نون لیگ کے رہنما حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا سنادی جبکہ دیگر سات ملزمان کو شک کی بنا پر بری کر دیا۔ فیصلے کے وقت کمرہ عدالت میں حنیف عباسی سمیت دیگر ملزمان موجود تھے۔ عدالت کے فیصلہ سناتے ہی حنیف عباسی کو کمرہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا۔

حنیف عباسی کو انسداد منشیات کی متعلقہ دفعات کے تحت سزا سنائی گئی، مقدمہ 6 سال تک زیر سماعت رہا، 26 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے گئے جبکہ پانچ ججز تبدیل ہوئے۔ عدالتی کارروائی کے مطابق حنیف عباسی اپنا دفاع نہیں کر سکے اور ان پر لگائے گئے الزامات درست ثابت ہوئے۔ حنیف عباسی کی گرفتاری پر وہاں موجود مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے نعرے بازی شروع کردی اور ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کے نعرے بھی لگائے۔ فیصلہ محفوظ کیے جانے سے قبل حنیف عباسی کے وکیل تنویر اقبال نے عدالت کی دی ہوئی ڈیڈ لائن میں اپنی حتمی دلائل مکمل کیے۔ انہوں نے سیلز ریکارڈ اور بینک ٹرانزیکشن کا ریکارڈ پیش کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ اے این ایف ایفیڈرین کے غیرقانونی استعمال کی بات کرتی ہے مگر کوئی ٹھوس شہادت نہیں، اے این ایف نے صرف لیبارٹری رپورٹ دی، گولیوں کی تیاری اور ان میں ایفیڈرین کی مقدار کا نہیں بتایا گیا۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے انسداد منشیات عدالت کو حنیف عباسی کے خلاف ایفی ڈرین کیس کا فیصلہ 21 جولائی کو سنانے کا حکم دیا تھا۔

 
خبر کا کوڈ : 739349
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش