0
Thursday 16 Aug 2018 17:25

قبائلی اضلاع کے انتخابات اور 100 ارب جاری کرنے کا مطالبہ

قبائلی اضلاع کے انتخابات اور 100 ارب جاری کرنے کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ ماہرین نے انضمام کے بعد قبائلی اضلاع میں فوری انتخابات کرانے اور این ایف سی ایوارڈ کے 100 ارب بلا تاخیر جاری کرکے وہاں ترقیاتی کام شروع کرنے پر زوردیا ہے۔ گزشتہ روز پشاور میں سنٹر فار ریسرچ اینڈ سکیورٹی اسٹڈیز کے زیراہتمام فاٹا انضمام کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل کے موضوع پر مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں پی ٹی آئی کے نو منتخب ایم این ایز ساجد مومند، اقبال آفریدی، سابقہ ایم این اے اور مسلم لیگ نون کے رہنماء شہاب الدین خان سالارزئی، نو منتخب ایم پی اے اور اے این پی رہنما شگفتہ ملک، سینئر صحافی و تجزیہ کار امتیاز گل اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق ایم پی اے شہاب الدین خان نے کہا کہ قبائلی عوام کی 70 سالہ محرومیوں کا ازالہ کرنے کے لئے این ایف سی ایوارڈ میں سے 100 ارب روپے فوری طور پر جاری کرکے میگا پراجیکٹ شروع کئے جائیں، جس سے نہ صرف تعلیمی اور معاشی سرگرمیاں تیز ہو جائیں گی بلکہ ہزاروں نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔

نو منتخب ایم این ایز ساجد مومند اور اقبال آفریدی نے کہا کہ تحریک انصاف قبائلی اضلاع میں لاگو انٹرم ریگولیشن کے خاتمے کیلئے اقدامات اٹھائے گی کیونکہ یہ انسانی قانون نہیں بلکہ ایف سی آر کا صرف نام تبدیل کرکے قبائل پر لاگو کیا گیا ہے۔ سابقہ فاٹا میں قیام امن کے لئے خاصہ دار فورس کی قربانیاں کسی سے پوشیدہ نہیں، فورس کو ختم کرنے کی بجائے اس کے نوجوانوں کو لیوی میں شامل کرنے اور زائد عمر خاصہ داروں کو پنشن دیکر فارغ کرنے کا انتظام کیا جائے، نومنتخب ایم این اے ساجد مومند نے مطالبہ کیا کہ آئندہ انتخابات میں فاٹا کی سیٹیں کم کرنے کی بجائے اس کا فیصلہ آئندہ مردم شماری تک ملتوی کیا جائے۔ سینئر صحافی ڈاکٹر اشرف علی نے بتایا کہ قبائلی اضلاع کو ملک کے دیگر علاقوں کے برابر لانے کیلئے سول سوسائٹی سمیت میڈیا کردار ادا کرے۔ سی آر ایس ایس کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر امتیاز گل نے بتایا کہ قبائلی اضلاع میں بلا تاخیر انتخابات سے نوجوان سیاسی اور سماجی سرگرمیوں کے ذریعے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں گے اور اختیارات کو افسران سے منتخب نمائندوں کو منتقل کئے جائیں تاکہ وہاں ایک منظم جمہوری عمل کے ذریعے ترقی کی رفتار تیز کی جاسکے۔ شرکاء نے قبائلی طلبہ کا کوٹہ 10سال کے لئے بڑھانے، بجلی اور معدنیات کی رائلٹی دینے اور زمینوں کی حد بندی کو فی الفور ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 744913
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش