0
Sunday 19 Aug 2018 19:29

کراچی میں اسٹریٹ کرائم کا خاتمہ اور عید کے دوران امن و امان ترجیح ہے، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی میں اسٹریٹ کرائم کا خاتمہ اور عید کے دوران امن و امان ترجیح ہے، وزیراعلیٰ سندھ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے، کراچی میں اسٹریٹ کرائمز، ون ویلنگ کا خاتمہ اور ٹریفک مینجمنٹ کے سخت اقدامات کی ضرورت ہے، سندھ میں وزارت اعلیٰ کا قلمدان سنبھالنے کے بعد سید مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں امن و امان پر پہلے اجلاس کی صدارت کی، جس میں سیکرٹری داخلہ اور آئی جی سندھ نے انہیں بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ قربانی کے جانوروں کے چھیننے کی خبریں نہیں چاہتا سخت اقدامات کریں، اجلاس میں پولیس میرج گرانٹ کو 10 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اجلاس کا مقصد صوبے میں امن و امان قائم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کا خاتمہ اور عید کے دوران امن و امان ترجیح ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہر میں عید کے دوران ٹریفک مینجمنٹ اور ون ویلنگ کی روک تھام ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کل 10269 پولیس اہلکار ٹریننگ پر ہیں، 1237 پولیس اہلکار آرمی ٹریننگ کورس کررہے ہیں، 432 پولیس اہلکاروں کو پاکستان آرمی سے خصوصی ٹریننگ دی جارہی ہے جبکہ 300 پولیس اہلکار کمانڈو کورس کررہے ہیں۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے 30 فیصد پولیس فورس کو ٹریننگ پر رکھنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے قربانی کے جانوروں کی کھالیں چھیننے کی خبریں نہیں چاہیئے، ہم نے گزشتہ دو سال میں امن و امان کے مسئلے پر قابو پایا ہے۔ اس سے قبل وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچے تو پولیس کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ سید مراد علی شاہ کے وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچنے پر بگل بجاکر ان کا استقبال کیا گیا، جس کے بعد انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس کے تمام اسٹاف سے فرداً فرداً ملاقات کی۔ استقبالیہ تقریب میں پرنسپل سیکرٹری سہیل راجپوت، آئی جی پولیس، ایڈیشنل آئی جی کراچی سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 745429
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش