0
Friday 31 Aug 2018 19:28

حکومت کراچی میں امن کی فضا مزید مستحکم کرنے کیلئے ہر ممکنہ تعاون کریگی، وزیراعظم

حکومت کراچی میں امن کی فضا مزید مستحکم کرنے کیلئے ہر ممکنہ تعاون کریگی، وزیراعظم
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت کراچی میں امن و امان کی فضا کو مزید مستحکم کرنے کیلئے ہر ممکنہ تعاون کریگی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے ملاقات کی، ایم کیو ایم کے وفد میں خالد مقبول صدیقی، فروغ نسیم، امین الحق، کنور نوید، نسرین جلیل اور وسیم اختر شامل تھے، جبکہ اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق بھی موجود تھے۔ ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات میں سیاسی امور، صدارتی انتخاب، صوبہ سندھ اور خصوصاً کراچی اور حیدرآباد سے متعلق مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی، ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کراچی اور حیدرآباد کے مسائل کے حل کے حوالے سے ہر ممکنہ تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات کے بعد وزیراعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی علیحدہ ملاقات کی، جس میں سندھ کی مجموعی صورتحال اور خصوصاً کراچی کی موجودہ صورتحال سمیت عوام کو درپیش مسائل پر گفتگو ہوئی۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اعتماد کا اظہار کرنے اور اہم ذمہ داری سونپے جانے پر شکریہ بھی ادا کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ شہر قائد میں عوام کے مسائل کا مکمل ادراک ہے، کراچی جیسے اہم شہر میں بعض مقامات پر بنیادی سہولتوں تک کا فقدان لمحہ فکریہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کی ترقی و استحکام میں کراچی کا کردار کلیدی ہے، جبکہ کراچی میں امن و امان کی فضا کو مزید مستحکم کرنے کیلئے حکومت ہر ممکنہ تعاون کریگی۔
خبر کا کوڈ : 747255
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش